سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان کی زیر قیادت وفد کی چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن سے ملاقات

دونوں اداروں کی جانب سے مستحقین کی فلاح و بہبود کیلئے معاہدے پر دستخط ، ادارے آپس میں معلومات کے اشتراک ، کمیونٹی بیسڈ سروسز اور باہمی شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریںگے

بدھ 30 مئی 2018 18:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان کی زیر قیادت ایک وفد نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن سے بدھ کو بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ دونوں اداروں نے بی آئی ایس پی مستحقین کی فلاح و بہبود کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت دونوں ادارے آپس میں معلومات کے اشتراک ، کمیونٹی بیسڈ سروسز اور مہارت کے باہمی شعبوں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریںگے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہیں، اور ہم غریب مستحقین کو خدمات کی فراہمی کیلئے اس شراکت داری کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ یقینی طور پر بی آئی ایس پی مستحقین کو مددفراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بی آئی ایس پی، عمر حمید خان نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے انہیں بی آئی ایس پی کی جانب سے معاشرے کے نظر انداز کئے جانے والے طبقات کیلئے سماجی تحفظ کے شعبے اور صحت سے متعلق پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔

سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان غلام محمد اعوان نے اس نیک مقصد کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون اور عزم کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بی آئی ایس پی کیساتھ شراکت داری پر بے حد خوشی ہے، بی آئی ایس پی کے پاس پورے پاکستان کی مستحقین کا جامع ڈیٹا بیس ہے۔ دونوں فریقین نے سماجی تعاون کے شعبوں میں تبادلے اور مستقبل میں ملک کر کام کرنے پر رضامند ی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :