چیئرمین پی آئی اے عاصم سلیمان کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیاگیا

بدھ 30 مئی 2018 20:36

چیئرمین پی آئی اے عاصم سلیمان کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) چیئرمین پی آئی اے عاصم سلیمان کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیاگیا ۔ یہ آئینی درخواست ایڈووکیٹ نبیل کاہلوں نے لاہور میں دائر کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، ایڈوائزر ٹو وزیر اعظم اور ڈی جی سول ایوی ایشن کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی آئی اے عاصم سلیمان کو قانون اور میرٹ کے برعکس تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ چیئرمین پی آئی اے کی تعنیاتی کے لیے اخبار میں اشتہار نہیں دیا گیا نہ ہی اوپن میرٹ، کے ذریعے تعیناتی عمل میں لائی گئی، پی آئی اے کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے میرٹ پر تعیناتی نہ ہونے سے ادارے کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے، درخواست میں مزید کہاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے قبل کسی بھی ادارے میں بھرتی پر پابندی لگا رکھی ہے لہٰذا عدالت چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کالعدم قرار دے اور چیئرمین کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن معطل کرنے کا حکم دے۔