لاہور ہائیکورٹ ، رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا

بدھ 30 مئی 2018 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی،جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیاکہ رمضان المبارک سے قبل روزمرہ استعمال کی اشیاء چاول ، گھی ، چینی ، آٹا ، بیسن،کھجور،پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

آئین کے تحت شہریوں کو ضروریات زندگی کی فراہمی حکومت کا فرض ہے،رمضان سے قبل اشیائے ضروریہ کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت رمضان سے قبل ذخیرہ اندوزوں اور مہنگی چیزیں فروخت کرنے والے دکانداروں اور بڑے تاجروں کے خلاف کارروائی کاحکم دے۔جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔