عوام کی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے ،ْ جان محمد بلوچ

بدھ 30 مئی 2018 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء)چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلدیہ ملیر کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام تر سیاسی و نظر یاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر اراکین کونسل کی مشاورت اور اتفاق رائے سے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میںمیونسپل کمشنر عمران اسلم، اراکین کونسل اور محکمہ جاتی سربراہان شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اراکین کو ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن نے بتایا کہ رواں سال بلدیہ ملیر کے تحت ترقیاتی کثیر تعداد میں منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں ، جبکہ چند یونین کمیٹیوں میں مزید منصوبوں پر کام جاری ہیں جبکہ دیگر علاقوں کے کاموں کیلئے ورک آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں اور عنقریب ان پر کام شروع کر دیا جائے گا، اراکین کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت اور مقررہ تخمینی لاگت کے اندر ہی مکمل کیا جائے انہوںنے کہا کہ منصوبوں پر غیر ضروری تاخیر سے منصوبوں کی تکمیلی لاگت بھی بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے دیگر انتظامی امور بھی متاثر ہوتے ہیں ، اراکین کونسل نے سفارش پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات کے تدراک کیلئے جامع پالیسی مرتب کی جائے ، چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلو چ نے کہا کہ رواں سال پر ہر یوسی کے وائس چیئرمین کیلئے چار چار کروڑ جبکہ مخصوص نشستوں کے اراکین کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے کام کر سکیں انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے۔