کوہاٹ روڈ پر"رنگ دے کوہاٹ"پراجیکٹ کامیابی سے مکمل ہوگیا

بدھ 30 مئی 2018 18:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی زیرنگرانی ڈپٹی کمشنر آفس تا بائی پاس پل ساڑھے 7کلومیٹر طویل کوہاٹ راولپنڈی روڈ پر"رنگ دے کوہاٹ"پراجیکٹ کامیابی سے مکمل ہوگیاہے۔اس سلسلے میں بدھ کے روز کوہاٹ میںاس پراجیکٹ میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میںشیلڈز اور تعریفی اسناد دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس مہمان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ صاحبزادہ نجیب اللہ، اسسٹنٹ کمشنرگل بانواورایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ سمیع اللہ کے علاوہ اس مہم میں حصہ لینے والے محکموں کے حکام،اساتذہ کرام اور طلبا ء نے بھی شر کت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہاکہ بظاہر یہ ایک مشکل پراجیکٹ تھا لیکن یہ انتظامیہ اور پوری ٹیم کے عزم اور انتھک محنت سے ممکن ہوا جس نے گرمی اور دیگر مشکلات کی پروا کئے بغیر اس پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دیگر اضلاع میں بھی اس قسم کے پراجیکٹ ہوئے ہیں لیکن یہ خیبر پختونخوا کا سب سے طویل روڈ ہے جس پر رنگ و روغن اور نقش ونگارکیا گیاہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ یہ سلسلہ رکے گا نہیں بلکہ اس پراجیکٹ کی کوہاٹ کے دوسری اہم شاہراہوںتک بھی وسعت دی جائے گی اور کوہاٹ صاف ستھرا اور سر سبز و شاداب بنایا جائے گا۔خالد الیاس نے برجر پینٹس کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے اس پراجیکٹ میں ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے لوگوں میں بڑا ٹیلنٹ موجودہے اور انہیں امید ہے کہ وہ کوہاٹ کو ہر شعبے میں آگے لے کر جائیںگے۔

متعلقہ عنوان :