فریال تالپور پر اقامہ رکھنے کا الزام، سندھ ہائی کورٹ میں نااہلی کیلئے درخواست دائر

بدھ 30 مئی 2018 19:47

فریال تالپور پر اقامہ رکھنے کا الزام، سندھ ہائی کورٹ میں نااہلی کیلئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدرفریال تالپور بھی مبینہ طور پر اقامہ ہولڈر نکلیں، اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا جائے، سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی اقامہ پر نااہلی کے بعد پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کا بھی اقامہ سامنے آگیاہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں ایک شہری معظم عباسی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی پی پی رہنما اور سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور بھی اقامہ ہولڈر ہیں، انہیں اسمبلی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر 5 جون کو فریقین کو دلائل کیلئے طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فریال تالپور نے 2002 میں اپنی صاحبزادی عائشہ کے نام پر دبئی میں کمپنی قائم کی اور رقم دبئی منتقل کرنے کی تفصیلات الیکشن کمیشن سے چھپائیں، جیالی رہنما نے اپنا اقامہ بھی ظاہر نہیں کیا۔

درخواست گزار نے کہاکہ جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر فریال تالپور صادق اور امین نہیں رہیں۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ فریال تالپور کو اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیکر ان کے مقدمہ درج کیا جائے۔واضح رہے کہ پاناما کیس میں اقامہ منظر عام پر آنے پر میاں نواز شریف کو وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹا کر انہیں سیاست کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا جبکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی اقامہ پر نااہلی کا شکار ہوچکے ہیں۔