ملک سے فرار اور نااہل اسمبلی ممبران کو بھی شاباشی کے سرٹیفکیٹ سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، ممتازسہتو

بدھ 30 مئی 2018 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتوایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کرپٹ ملک سے فرار اور نااہل اسمبلی ممبران کو بھی شاباشی کے سرٹیفکیٹ سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، اسمبلی میں بروقت حاضری ومفاد عامہ میں قانون سازی کیلئے کردارادا کرنے والے ارکان اسمبلی کو اسناد قابل تحسین عمل ہے، تاہم سندھ اسمبلی میں اسپیکر کی جانب سے مسلسل غیر حاضر اور قومی دولت کے لٹیرے ارکان کو سرٹیفکیٹ کا اجراء سمجھ سے بالاتر ہے حالانکہ ایسے لوگوں کی حوصلہ شکنی اور ان کو توجیلوں کی سلاخوں کے پیچھے اور عبرت کا نشان ہونا چاہئے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ غریب وامیر کیلئے الگ الگ پیمانے ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،ارکان اسمبلی نے اپنے پانچ سالہ دور میں سندھ کے عوام کو بھوک وافلاس اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے،ہاں البتہ ان کے اپنے بنک بیلنس میں ضرور اضافہ ہوا ہوگا، پانچ سالہ دور ختم ہونے کے باوجود آج بھی سندھ کے عوام انسانی غلاظت سے ملا ہوا پانی پینے پر مجبور،اسکول بند، کرپشن کا راج، بیروزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کررہے ہیں،مہنگائی اوربجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسپتالوں میں طبی سہولیات کا فقدان،تھر میں 250بچے صرف رواں سال کے پانچ ماہ کے دوران فوت ہوچکے ،ہر پانچواں مرنے والا آدمی ہیپاٹائٹس بی اورسی کا مریض ہوتا ہے اس سب کچھ کے باوجود حکمراں ٹولا سندھ میں ترقی کا راگ آلاپتے تھکتا نہیں ہے۔صوبائی رہنما نے زور دیا کہ عوام کو آئندہ انتخابات میں دیانتدار نمائندوں کو منتخب کرکے کرپٹ قیادت سے جان چھڑانی ہوگی۔