اسلام آباد ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس کی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ، انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس نے نوٹس لے لیا

فائرنگ میں ملوث اہلکار معطل اور گرفتار، 48 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ طلب

بدھ 30 مئی 2018 19:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) موٹروے اسلام آباد ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس کی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے، انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس نے نوٹس لے لیا، فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کو معطل کرکے 48 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمر شیخ نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ موٹروے پولیس کو کسٹم انٹیلی جنس کی طرف سے اطلاع ملی تھی کہ مسافر کوچ ایل ای ایف 09 میں سمگل شدہ سامان پشاور سے لاہور لے جایا جا رہا ہے جس پر موٹروے پولیس کے افسران نے مذکورہ بس کو اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب روکا تو بس کے ڈرائیور نے روکنے کی بجائے گاڑی کو بھگانے کی کوشش کی۔

موٹروے پولیس سکواڈ نے اپنی کار کو گاڑی کے آگے لے جا کر روکا تو کوچ میں سوار سمگلروں نے موٹروے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ سے کوچ میں سوار 22 سالہ عبدالرحمن اور ایک ساتھی زخمی ہو گیا، ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی نے بتایا کہ زخمی عبدالرحمن کو موٹروے پولیس کے اہلکار زخمی حالت میں اٹھا کر پمز ہسپتال لے آئے اور اس کو فوری طور طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی جی موٹروے پولیس کو آگاہ کیا گیا جنہوں نے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر شاہد گل اور اعتزاز احمد کو فوری طور پر معطل کرکے 48 گھنٹے میں ایریا کمانڈر کو انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ڈی آئی جی عمر شیخ نے بتایا کہ واقعہ کی ایف آئی آر نصیر آباد پولیس سٹیشن میں درج کرا دی گئی ہے۔ موٹروے پولیس کے دونوں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔