فصلی بٹیروں کے پارٹی چھوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، فریال چودھری

بدھ مئی 19:32

ملتان۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) ملتان شہر ہمیشہ سے مسلم لیگ (ن) کا گڑھ رہا ہے اور 2018ء کے الیکشن میں ملتان کی عوام مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ کامیاب کروا کر ثابت کریں گے کہ ملتان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے، ملتان کی خواتین مریم نواز شریف سے خاص محبت رکھتی ہیں۔ فصلی بٹیروں کے پارٹی چھوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کاموں سے ملتان کی عوام بہت خوش ہیں یہی وجہ ہے کہ خواتین و حضرات جوق در جوق مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ونگ ملتان فریال چودھری نے مریم نواز سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کی خواتین باشعور ہیں اور مریم نوازشریف کی قیادت کو بہت پسند کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کی خواتین عہدیداران و ورکرز مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرانے میں دن رات مصروف ہیں۔ 2018ء کے الیکشن میں عوام خدمت کرنے والی پارٹی اور دھرنا پارٹی میں فرق کو بہتر سمجھیں گے۔

مریم نواز نے فریال چودھری سے ملاقات کے دوران کہا کہ فریال چودھری جیسی نڈر ، بے باک اور با حیاء خواتین مسلم لیگ (ن) کا جھومر ہیں، فریال چودھری جیسی خواتین مسلم لیگ (ن) کا معیار ملکی سطح پر بلند کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ باعث فخر ہے کہ فریال چودھری جیسی خواتین پارٹی کیلئے محنت و لگن سے کام کر رہی ہیں۔ آخر میں مریم نواز نے فریال چودھری کو محنت و لگن سے کام کرنے پر گلے لگایا اور انہیں خوب داد دی۔