پاکستان سمیت دنیا بھر میں نو سموکنگ ڈے کل منایا جائے گا

بدھ 30 مئی 2018 19:28

فیصل آباد۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) عالمی ادارہ صحت ، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت حکومت پنجاب ، چیسٹ سوسائٹی پاکستان ، اسلامک میڈیکل آرگنائزیشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور شعبہ صحت کیلئے کام کرنے والی مختلف این جی اوز کے اشتراک سے ورلڈ نو سموکنگ ڈے آج 31مئی بروزجمعرات کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔

اس موقع پر مختلف شہروں میں کانفرنسز ، ورکشاپس، سیمینارز، مذاکروں ، مباحثوں، تقریری مقابلوں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں چیسٹ سپیشلسٹ عوام کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات ، اس سے پیدا ہونے والی موذی امراض ، ان کی علامات ، نقصانات ، علاج معالجے ، پرہیز اور تدارکی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے 170سے زائد ممبر ممالک میں 1987ء سے ہر سال 31مئی کو تمباکو نوشی کے خلاف عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ عوام کو تمباکو نوشی سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ورلڈ نو سموکنگ ڈے کے عالمی دن کے حوالے سے پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد ، فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے ماہرین طب نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالانہ 40 کھرب سگریٹ پیئے جاتے ہیں جبکہ سگار ، حقہ ، پائپ کا استعمال اس کے علاوہ ہے نیز تمباکو کا دھواں جو 300 مرکبات کا آمیزہ ہے چھوٹے قطرات و زرات کی صورت میں سانس کی نالیوں میں داخل ہو کر انسانی جسم کانظام رفتہ رفتہ تباہ کر دیتا ہے نیز ایک سگریٹ میں 3 سے 6 ملی گرام تک نکوٹین پائی جاتی ہے جس کا 10 سے 90 فیصد حصہ پھیپھڑوں میں جذب ہو جاتا ہے جس کے 16 انتہائی خطرناک اجزاء پھیپھڑوں کے سرطان کا موجب بنتے ہیں۔