Live Updates

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلے کے باوجود انتخابات وقت پر کروانے کا اعلان کردیا

حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلہ موصول نہیں ہوا، عدالتی فیصلے کے باوجود انتخابات وقت پر ہوں گے: الیکشن کمیشن

muhammad ali محمد علی بدھ 30 مئی 2018 18:56

الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلے کے باوجود انتخابات ..
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مئی 2018ء)   ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلہ موصول نہیں ہوا اور انتخابات وقت پر ہوں گے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے کا ہائیکورٹ کا فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کی طرف سے سارے انتظامات مکمل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول اپنے وقت پر جاری ہوجائے گا، انتخابات بھی وقت پر ہی ہوں گے اور ان میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملک بھر کے 8 اضلاع کی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن پاکستان ( ای سی پی ) کو از سر نو قواعد کے مطابق ان اضلاع میں حلقہ بندیاں کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو اسلام اذباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے حلقہ بندیوں کے خلاف 40 سے زائد درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت کی جانب سے جن اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دی گئی، ان میں بہاولپور، رحیم یار خان، جھنگ، جہلم، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لوئر دیر اور بٹگرام شامل ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نئی حلقہ بندیاں کرتے ہوئے ہر نشست پر آبادی کا تناسب مد نظر رکھا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں حلقہ بندیوں کے خلاف 108 درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ ان درخواستوں میں سے صرف 40 فیصد کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ای سی پی کی جانب سے 5 مارچ کو نئی حلقہ بندیاں متعارف کرائیں گئیں تھی، جس پر پارلیمانی کمیٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے پارلیمانی کمیٹی کو بذریعہ مراسلہ آگاہ کیا تھا کہ وہ حلقہ بندیوں کے معاملے میں مداخلت سے گریز کریں۔

اس مراسلے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا تھا کہ ہم ای سی پی کو صرف مشورے کے ذریعے حلقہ بندیوں کے نقائض بتانا چاہتے ہیں تاکہ ای سی پی کا کام مزید آسان ہوکیا اس معاملے پر بھی سپریم کورٹ جائیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما صاحبزادہ نذیر سلطان نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے ہی قوانین کے منافی کام کررہی ہے، جس نے جھنگ میں ان کے حلقے این اے 90 کو ‘برباد’ کردیا۔

اسی طرح پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما نوید قمر نے کہا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ پارلیمنٹرینز ای سی پی کو ہدایت جاری نہیں کر سکتے لیکن بطور اسٹیک ہولڈرز ہم رائے یا سفارشات تو پیش کرسکتے ہیں تاہم ای سی پی فیصلہ کرے کہ ان سفارشات کو قابل غور سمجھا جائے یا نہیں۔جماعتِ اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے احتجاج کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے لوئر دیر میں ان کے حلقے کو بھی تبدیل کردیا۔ ان اعتراضات کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ جبکہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے بھی ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات