دُبئی پولیس نے شہری کو بہادری کے اعزاز سے نوازدیا

muhammad ali محمد علی بدھ 30 مئی 2018 19:18

دُبئی پولیس نے شہری کو بہادری کے اعزاز سے نوازدیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی 2018ء) پولیس نے ایک مقامی شہری کو اُس کے بروقت اور جرأت مندانہ اقدام پربہادری کے اعزاز سے نوازا ہے جس نے دُوبئی کی سیاحت کو ائے یورپی جوڑے کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کو ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی باشندہ حمدی بھنسی اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا جب اُس نے دیکھا کہ گلی میں موجود ایک یورپی جوڑا بہت پریشان اور گھبرایا ہویا دکھائی دے رہا تھا۔

اُس نے اُن خاوند بیوی سے پُوچھا کہ وہ پریشان کیوں ہیں کیا انہیں کسی مدد کی ضرورت ہے۔ اس پر یورپی مرد نے اُسے بتایا کہ تھوڑی دیر قبل ہی اُن کے ساتھ ڈکیتی کی ایک واردات ہوئی ہے جس میں تین ایشیائی مرد اُس کی بیوی کا ہینڈ بیگ چھین کر فرار ہو گئے ہیں۔ یہ سُنتے ہی حمدی نے فوراً گلی کی اُس سمت میں دوڑنا شروع کر دیا جہاں ڈاکو فرار ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

کچھ منٹوں بعد ہی اُس نے یورپی جوڑے کے بتائے ہوئے حلیے والے ڈاکوؤں کو جا لیا اور اُن میں سے ایک کو زمین پر گرا کر اُسے قابو کر لیا۔ اسی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے حمدی کے اس اقدام کی بہت زیادہ تعریف کی۔ بھنسی کا کہنا تھا ”متحدہ عرب امارات کے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ایسا اقدام اُٹھانا میری ذمہ داری تھی۔“ حمدی نے نہ صرف چھینا ہوا بھاگ خاتون کو واپس کیا‘ بلکہ اُن میاں بیوی کو اپنے گھر بھی لے گیا جہاں اُن کو چائے پلا کر اُن کے کھوئے ہوئے اوسان بحال کرنے کی کوشش کی۔

اس طرزِ عمل کو امارات کے رہائشیوں نے بہت سراہا ہے۔ جبکہ پولیس نے اس بہادری سے بھرپور اقدام پر حمدی کو بہادری کے اعزاز سے نوازا ہے۔ واضح رہے کہ حمدی دُوبئی میونسپلٹی کے ہیلتھ اینڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ میں فوڈ انسپکٹر کے طور پر ذمہ داری نبھا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :