عام انتخابات میں تارکین وطن کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا لمحہ فکریہ ہے،بیرسٹر امجد ملک

بدھ 30 مئی 2018 19:20

لاہور۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے چیئرمین ماہر قانون بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں تارکین وطن کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا لمحہ فکریہ ہے، تارکین وطن کی فوری شکایات کے ازالے اور ان کو مدد فراہم کرنے کے لئے آٹھ ایئرپورٹس پر ڈیسک قائم کر دئیے گئے ہیں۔لاہورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بئیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم اسی لاکھ تارکین وطن کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کوصورتحال کا جائزہ لے کرداد رسی کا ذریعہ پیدا کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی زرمبادلہ میں کمی کا باعث بنے گی جبکہ پاکستانی لیبر کی مشکلات بڑھیں گی، ملکی لیبر کو نوکریاں دینے کے لئے نئی مارکیٹسں تلاش کرنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بیرون ملک دنیا بھر کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے قانون اور زبان پر عبور رکھنے والے قونصلر تعینات ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ حادثات کے شکار تارکین وطن کے اہل خانہ کو معاوضہ جات کی مد میں 80ملین کی رقم خرچ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ تارکین وطن کی فوری شکایات کے ازالے اور ان کو مدد فراہم کرنے کیلئے آٹھ ائرپورٹس پر ڈیسک قائم کر دئیے گئے ہیں،ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی جاری کی گئی ہے۔