آزاد کشمیر محکمہ شاہرات میں 10سال سے زائد سروس کے حامل قلی اور بیلدار مستقل کردیئے گئے

بدھ 30 مئی 2018 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے محکمہ شاہرات میں 10سال سے زائد سروس کے حامل قلی اور بیلدار مستقل کردیئے گئے ہیں ۔ وزارت مواصلات نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی منظوری کے بعد سمری عملدرآمد کیلئے محکمہ مالیات کو ارسال کردی ہے ۔ وزیر مواصلات وورکس چوہدری محمد عزیز نے بتایا ہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ شاہرات میں 10سال سے زائد سروس کے حامل قلی اور بیلدار جو ورکچارج اور عارضی بنیادوں پر ملازمت کررہے تھے مستقل کردیئے گئے ہیں ۔

ان ملازمین کی تعداد 2500سے زائد ہے ۔ سمری وزیراعظم سے منظوری کے بعد فنڈز کی فراہمی اور عملدرآمد کیلئے محکمہ مالیات کو ارسال کردی گئی ہے ۔ چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت اپنے انتخابی وعدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ شاہرات میں 10سال سے زائد عرصہ ملازمت کے حامل ورکچارج ، ایڈہاک اور عارضی ، قلی و بیلداران کو مستقل کرنے کیلئے اپنا وعدہ پورا کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ مالیات کی جانب سے فنڈز کی فراہمی یکم جولائی سے متوقع ہے ۔ اڑھائی ہزار سے زائد عارضی ملازمین کو ملازمتوں کا تحفظ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ شاہرات رواں اور آئندہ مالی سال کے دوران شاہرات پختگی ، کشادگی اور بہترگی کے جاریہ منصوبوں کو ہر صورت مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ فنڈز کا اب کوئی مسئلہ نہیں ۔ آئندہ مالی سال کے دوران بھی مواصلات کے شعبے کو ترجیح دی گئی ہے ۔

سڑکیں پختہ کرنا آسان مگر ان کی دیکھ بھال مشکل کام ہے ۔ نئی تعمیر شدہ سڑکوں کی دیکھ بحال کیلئے بیلداران اور قلی حضرات کی ملازمتوں کو تحفظ دینا ناگزیر تھا۔ مناسب دیکھ بھال کے بغیر سڑکوں کی عمر دیر پا نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ بیلداران اور قلی ملازمین کی سڑکوں کی دیکھ بھال کے لئے حاضری کا عمل یقینی بنایا گیا ہے ۔ ورکچارج ملازمین کے نام پر ماضی میں کھلواڑ کیا گیا اور ان کا استحصال کیا گیا ۔

ماضی کی حکومتوں نے محکمہ شاہرات کے ترقیاتی بجٹ پر ورکچارج ملازمین کا اضافی بوجھ ڈالا ۔ اصولی طور پر ان ملازمین کو روز اول سے مستقل ہونا چاہیے تھامگر کسی نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا یہ اعزاز بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کو وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت حاصل ہورہا ہے ۔ چوہدری محمد عزیز نے مزید کہا کہ محکمہ مواصلات کی کارکردگی بہتر بنانے اور نوتعمیر شدہ سڑکوں کی دیکھ بھال کیلئے بیلداران کی مزید آسامیاں تخلیق کی جائیں گی اس سلسلہ میں ضروری کارروائی جاری ہے ۔راٹھور