بہاول پور ،توہین عدالت کیس، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر قیصر مشتاق عدالت عالیہ میں پیش ہو گئے

بدھ 30 مئی 2018 20:02

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) توہین عدالت کیس، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر قیصر مشتاق عدالت عالیہ میں پیش ہو گئے۔لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر قیصر مشتاق کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

یونیورسٹی میں داخلے نہ دئیے جانے پر طلباء کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت کے دوران جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق کو کہا کہ آپ کو عدالت میں بلانا یا کھڑ ا کرنا مقصود نہیں ہے ۔یہ ہمارے بچے ہیں اگر کوئی پڑھنا چاہتا ہے تو اسے موقع دینا چاہیے۔ عدالت نے وائس چانسلر سے استفسار کیا کہ اگر کوئی ایسی غلطی یا بات ہے جس سے یہ ڈس کوالیفائی ہوتے ہیں تو عدالت کو بتائیں اور اگر کسی بچے سے کوئی معمولی غلطی ہوئی ہے تو اسے ریلیف دیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اب سمسٹر ختم ہو چکا ہے جس پر فاضل جج نے کہا کہ وائس چانسلر کو اس لیے بلایا ہے کہ معاملہ کا حل نکالیں اور جو بچے پڑھنا چاہتے ہیں انہیں ریلیف دیں۔ کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے طلباء کو ریلیف دینے کیلئے کیس اسلامیہ یونیورسٹی سینڈیکٹ کو بھجوانے اور سینڈیکٹ اجلاس کے دس رو ز میں معاملہ حل کرنے کا حکم دیدیا۔