پروفیسر ڈاکٹر طارق بنوری کو چیئرمین وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن تعینات کر دیا گیا،نوٹیفیکیشن جاری

بدھ 30 مئی 2018 20:16

لاہور۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) پروفیسر ڈاکٹر طارق بنوری کو چیئرمین وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن تعینات کر دیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ان کی تقرری چار سال کیلئے کی گئی ہے۔ سرچ کمیٹی کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان کو چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کیلئے چار ناموں پر مشتمل سمری ارسال کی گئی تھی، سرچ کمیٹی میں لمز کے پروریکٹر سید بابر علی‘ سابق وزیر صحت ڈاکٹر ثانیہ نشتر‘ شہناز وزیر علی، فیصل باری‘ مرزا قمر بیگ اور وفاقی سیکرٹری تعلیم اکبر درانی شامل ہیں، سرچ کمیٹی نے ڈاکٹر محمد مختار‘ اقبال چوہدری‘ انوار الحسن گیلانی اور ڈاکٹر طارق بنوری کا نام چیئرمین ایچ ای سی کیلئے وزیراعظم پاکستان کو ارسال کیا تھا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر طارق بنوری یونیورسٹی آف اوتاہ میں پروفیسرہیں‘ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے معاشیات میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے‘ انہوں نے ایم اے اکنامکس کی ڈگری ویلیمز کالج سے جبکہ پشاور یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ میں بی ایس کی ڈگری بھی حاصل کی ہے‘ڈاکٹر طارق بنوری بیس کتابوںکے مصنف بھی ہیں‘انہوں نے قومی و بین الاقوامی جرائد میں اب تک 65 مقالہ جات لکھے ہیں جبکہ پی ایچ ڈی کی ڈگری میں مائیکرو اکنامکس ایفکٹ آف ورکرز ریمیٹینسز کے موضوع پر مقالہ لکھا تھا۔