قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل پاس کرانا پنجاب حکومت اور وفاق کا مشترکہ تاریخی کارنامہ ہے ، قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے باعث فرقہ واریت میں کمی اور باہمی اتحاد میں اضافہ ہوگا ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود خاں

بدھ 30 مئی 2018 20:30

قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل پاس کرانا پنجاب حکومت اور وفاق کا مشترکہ ..
لاہور۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) صوبائی وزیرسکول ایجوکیشن رانا مشہو د خاں نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل پاس کرانا پنجاب حکومت اور وفاق کا مشترکہ تاریخی کارنامہ ہے ، قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے باعث فرقہ واریت میں کمی اور باہمی اتحاد میں اضافہ ممکن ہوسکے گا،مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میںیہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے کہ پہلی کلاس سے بارہویں کلاس تک قرآن مجید کی لازمی تعلیم کا بل پاس ہو نے کے بعد وفاق اور حکومت پنجاب کے مشترکہ تعاون سے ہی نافذالعمل ہوسکے گا۔

ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر نے 90شاہراہ قائداعظم لاہور میں قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے حوالے سے سکول ایجوکیشن او ر پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں پی سی ٹی بی کے ایم ڈی عبدالقیوم،پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے چیف ایگزیکٹو رائو محمد اسلم،ایڈیشنل ڈائریکٹر سید مبشر حسین شاہ،ڈی پی آئی سکولز ممتازحسین شاہ، معروف عالم دین محمد حسین اکبر،اسپیشل سیکرٹری تعلیم رانا حسن اختر سمیت دیگر متعلقہ افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے باعث فرقہ واریت میں کمی اور باہمی اتحاد میں اضافہ ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ جدید دور میں تمام مسائل کا حل قرآنی تعلیم ہی ہو سکتی ہے اور نسل نو کے مثبت کردار کی تعمیر کا باعث بن سکتی ہیں۔صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پی سی ٹی بی ایکٹ 2015کے مطابق پہلی سے بارہویں جماعت کی کتب اور دیگر تدریسی مواد کی پی سی ٹی بی سے پیشگی منظوری حاصل کیئے بغیر اشاعت و فروخت سنگین جرم ہے اور اس حوالے سے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔

معروف عالم دین محمد حسین اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن پاک کی تعلیم ہی ہمارا اوڑھنا ،بچھوڑنا ہے اوربے شک وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کی حکومت ایسے تاریخی ایکٹ کے پاس ہونے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔اسپیشل سکرٹری تعلیم رانا حسن اختر نے کہا کہ قرآن پاک کی لازمی تعلیم کے بل کی منظوری سے اسلامی تعلیمات کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔

پی سی ٹی بی کے چیئر پرسن لیفٹینینٹ جنرل(ر)محمد اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کے منظور شدہ بل کے مطابق متحدہ علماء بورڈ کی رہنمائی میںپہلی سے بارہویں جماعت تک ناطرہ اور ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کی لازمی تعلیم پر عملدرآمد ممکن ہو سکے گا جبکہ ایم ڈی پی سی ٹی بی عبدالقیوم نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی آراء کی روشنی میں قرآنی نصاب اور کتب تیار کی جائیں گی،جس سے اسلامی شعائر کو سمجھنے میں مزید مدد مل سکے گی۔