ْحکومت نے پارلیمنٹ کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کیلئے پی ٹی وی پارلیمنٹ کا آغاز کردیا

پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل پر قومی اسمبلی ،سینیٹ اور قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی نشر کی جائے گی پارلیمنٹ چینل عوامی آرا کا ذریعہ بنے گا،ہم نے پارلیمنٹ کے دروازے سب کیلئے کھول دیئے، چاہتے ہیں منتخب ایوان کی کارروائی ہر پاکستانی دیکھے،چینل کا مقصد لوگوں کو ان کے منتخب کردہ نمائندوں کی کارکردگی دکھانا ہے،چینل منتخب نمائندوں اور عوام کا رابطہ جوڑے گا، سپیکر ایاز صادق اوروفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کاافتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 21:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) حکومت نے پارلیمنٹ کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کیلئے پی ٹی وی پارلیمنٹ کا آغاز کردیا۔ پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل پر قومی اسمبلی ،سینیٹ اور قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی نشر کی جائے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ایاز صادق اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمنٹ چینل عوامی آرا کا ذریعہ بنے گا،ہم نے پارلیمنٹ کے دروازے سب کیلئے کھول دیئے، چاہتے ہیں منتخب ایوان کی کارروائی ہر پاکستانی دیکھے،چینل کا مقصد لوگوں کو ان کے منتخب کردہ نمائندوں کی کارکردگی دکھانا ہے،چینل منتخب نمائندوں اور عوام کا رابطہ جوڑے گا۔

بدھ کو پی ٹی وی کے نئے چینل پی ٹی وی پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں ہوئی،جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق ،وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید ،سیکر ٹری وزارت اطلا عات اور ایم ڈی پی ٹی وی احمد نواز سکھیرا سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق نے بٹن دبا کر پی ٹی وی پارلیمنٹ کی آزمائشی نشریات کا آغاز کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے چینل سے پارلیمنٹ کی کارروائی پورے ملک میں جائے گی اور منتخب نمائندوں کی کارکردگی عوام تک پہنچے گی۔ نئے چینل سے قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی سے عوام آگاہ رہیں گے۔ چینل منتخب نمائندوں اور عوام کا رابطہ جوڑے گا، قائمہ کمیٹیاں اداروں کو مستحکم کرتی ہیں۔

اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم نے ذمہ داریاں لیں اور نبھائیں ،پاکستانی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ ہے۔ لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا اجلاس دیکھیں ہمارے پاس بہت سے انٹرنیز کام کرکے گئے ہیں۔ ہمارے پاس سکول کے طلباء سیشن دیکھنے آتے ہیں۔ ہم نے قومی اسمبلی کے دروازے سب کے لئے کھول دیئے۔ دو سو سے زائد وفود کو پارلیمنٹ کی کارروائی دکھائی۔

چاہتے ہیں منتخب ایوان کی کارروائی ہر پاکستانی دیکھے۔ پاکستان کی کسی یونیورسٹی میں پارلیمنٹری سٹڈیز پر کوئی سبجیکٹ نہیں ہم نے ایک کورس یو کے پارلیمنٹ سے لیا ہائیر ایجوکیشن نے اس معاملے پر ہمارے ساتھ تعاون کیا اس سبجیکٹ کے پڑھنے سے طلباء کو پارلیمنٹ میں ہونے والی کارروائی سے متعلق آگاہی ہوگی۔ ہماری سٹینڈنگ کمیٹی میں گورنمنٹ اور اپوزیشن کی تعداد موجود ہوتی ہے۔

ہمارا مقصد اس چینل کا صرف ہر علاقے کے لوگوں کو ان کے منتخب کردہ نمائندوں کی کارکردگی دکھانا ہے۔ ہر علاقے کے لوگ دیکھ سکیں کہ ان کے منتخب کردہ نمائندہ علاقے کے مسائل لے کر آتا ہے یا اس پر بات کرتا ہے۔ یہ سب چیزیں دیکھنے والی ہیں ہم نے نیشنل اسمبلی کا کردار بڑھانا ہے۔ الیکشن اصلاحات کا ہم نے بیڑا اٹھایا۔ اس چینل کے ذریعے لوگوں کی آواز ہم تک پہنچ سکے گی کسی بھی علاقے کا کوئی بھی مسئلہ ہوگا اس سے متعلق بھی آگاہی مل سکے گی۔

اس چینل کے ذریعے ہمیں رہنمائی مل سکے گی ان لوگوں کی جو پارلیمنٹ نہیں پہنچ سکتے اس میں پی ٹی وی کا بہت ا ہم اور بڑا کردار ہوگا اس سے ہم اپنی کارکردگی بہتر کرسکیں گے،پارلیمنٹ چینل عوامی آرا کا ذریعہ بنے گا۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات ،ایم ڈی پی ٹی وی احمد نواز سکھیر نے کہا کہپی ٹی وی پارلیمنٹ کا افتتاح اہم سنگ میل ہے،چینل جمہوریت کے استحکام کا باعث بنے گا،پی ٹی وی پارلیمان کل وقتی چینل ہوگا۔