وفاقی کابینہ(کل) رات 12بجے تحلیل اور وفاقی حکومت ختم ہوجائے گی

پاکستان میں پہلی مرتبہ مسلسل دوسری جمہوری حکومت آئینی مدت مکمل کریگی،و زیراعظم کو چیف ایگزیکٹو آفس سے روانگی پر مسلح افواج کے دستے سلامی دیں گے

بدھ 30 مئی 2018 21:08

وفاقی کابینہ(کل) رات 12بجے تحلیل اور وفاقی حکومت ختم ہوجائے گی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) وفاقی کابینہ(کل)جمعرات رات 12بجے تحلیل ہوجائے گی جس کے بعد ملک میں وفاقی حکومت ختم ہوجائے گی۔پاکستان میں پہلی مرتبہ مسلسل دوسری جمہوری حکومت آئینی مدت مکمل کرے گی جس کے تحت جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب وزیراعظم اپنے عہدے سے سبکدوش اور ان کی کابینہ تحلیل ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم(آج)جمعرات وفاقی کابینہ کا الوادعی اجلاس بلا کر ارکان سے اظہار تہنیت کریں گے، وزیراعظم کل اپنے آفس کے افسران اور عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کریں گے جب کہ وزیراعظم کو چیف ایگزیکٹو آفس سے روانگی پر مسلح افواج کے دستے سلامی دیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وزیراعظم ہاس میں نہیں ذاتی رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں موجودہ حکومت کی مدت مکمل پوری ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا انتخاب کرلیا گیاہے جس کیلیے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس ناصر الملک کو نامزد کیاگیا ہے۔