سینیٹر الیاس احمد بلور کابی آر ٹی منصوبے میں پونے تین کروڑ روپے کی فی بس خریدنے پرویز خٹک کیخلاف نیب تحقیقات کا مطالبہ

بدھ 30 مئی 2018 21:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے بس ریپٹڈ ٹرانزٹ منصوبے میں پونے تین کروڑ روپے مالیت کی فی بس خریدنے پر سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کیخلاف نیب تحقیقات کا مطالبہ کردیا کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں کوریا سے ایک کروڑ روپے مالیت کی فی میٹرو بس خریدی گئی جبکہ خیبر پختونخوا میں چائنا سے پونے تین کروڑ روپے مالیت کی فی بس خریدی گئی اور کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ے گئے ۔

ایک بیان میں ملک کے سینئر پارلیمنٹرین اور ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ نیب بس ریپٹڈ ٹرانزٹ منصوبے میں ہونیوالی کرپشن اور بے قاعدگیوں کی غیر جانبدار تحقیقات کرے خاص طور پر بسوں کی خریداری میں ہونیوالی غضب کی کرپشن عوام کے سامنے لائی جائے تاکہ اُنہیں معلوم ہوسکے کہ اس صوبے میں کرپشن کرنیوالوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو کس طرح لوٹا اور کرپشن کے بازار گرم کئے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ اگر نیب نے بی آر ٹی منصوبے میں ہونیوالی کرپشن کی غیر جانبدار تحقیقات نہ کیں اوراس منصوبے میں کمشن کی صورت میں ہڑپ کی گئی رقم کی ریکوری نہ کی تو عوام کا اس ادارہ سے اعتماد اٹھ جائے گا اور یہ واضح ہوجائے گا کہ نیب جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔