عوامی شکایات کو جلد از جلد حل کیا جائے اس میں غفلت و کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی، ڈپٹی کمشنر مردان

بدھ 30 مئی 2018 21:15

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے کہا ہے کہ عوامی شکایات موصول ہوتے ہی اس کو جلد از جلد حل کیا جائے اور کام میں غفلت اور کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کانفرس روم میں عوامی شکایات کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان ، اسسٹنٹ کمشنر مردان/تخت بھائی ، جملہ اسسٹنٹ کمشنران، منیجر ایس ڈی سی کے علاوہ ماتحت محکموں کے افسران نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر مردان نے تمام ضلعی افسران اور ایڈمنسٹریشن افسران کے ذمہ پنڈنگ کمپلینٹس کا جائزہ لیا اور ان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ عوام کی شکایت موصول ہوتے ہی اس پر فوری ایکشن لے کر ان کو حل کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیٹیزن پورٹل پر زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کو یقینی بنائے تاکہ ہر بندہ اس موقع پر فائدہ اٹھاسکیں اور اپنی شکایت ہم سے شیئر کرسکے،ڈپٹی کمشنر مردان نے مختلف سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت اور لگن سے عوام کی خدمت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمار ا اولین فریضہ اور پہلی ترجیح ہے ،دریں اثناء ڈپٹی کمشنر مردان نے سوشل ویلفیئر کے ضلعی آفس کا دورہ کیا،۔

اس موقع پر ضلعی آفیسر سوشل ویلفیئر نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع مردان میں جاری تمام کاموں اور انکے ساتھ کام کرنے والے محکموں /سنٹرزبشمول سپیشل ایجوکیشن سنٹر ، سپیشل ایجوکیشن ہاسٹل ، دارلکفالہ سنٹر، نشئی سنٹر اور دارالامان وغیرہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے اس موقع پر تمام سنٹرز کا دورہ کیا اور تمام سہولیات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے سوشل ویلفئیر اور ان کے ساتھ کام کرنے والے افسران کی خدمات کو سراہا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے سے ان معذور ، نابینا خواتین و حضرات کی خدمت کو اپنا شعار بنائے۔