قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان جنوبی سندھ صوبہ کے قیام کی قرارداد اپنے ہی رکن کی وجہ سے پاس کرانے میں ناکام

اجلا س کی صدارت کر نے والے ایس اے قبال قادری نے قرارداد پیش کر نے کی اجازت نہ دی،پہلے قرار داد اسمبلی سیکر ٹریٹ میں جمع کر انے کا کہا ، بعد میں کاروائی ملتوی کر دی

بدھ 30 مئی 2018 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان جنوبی سندھ صوبے کے قیام کی قرارداد اپنے ہی رکن کی وجہ سے پاس کرانے میں ناکام ہو گئی ، اجلا س کی صدارت کر نے والے ایس اے قبال قادری نے قرارداد پیش کر نے کی اجازت نہ دی اور پہلے قرار داد اسمبلی سیکر ٹریٹ میں جمع کر انے کا کہا جبکہ بعد میں اجلاس کی کاروائی کو ( آج) تک کے لئے ملتوی کر دیا ۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان چھائے رہے ۔ اجلاس کی صدارت ایم کیو ایم پاکستان کے رکن ایس اے اقبال قادری کے حصے میں آئی تو اجلاس میں اکثریت ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان کی ہی رہ گئی جبکہ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب سمیت باقی جماعتوں کے تین چار ارکان ہی بیٹھے تھے ، نکتہ اعتراض پر بات کر تے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کی رکن کشور زہرہ نے کہا کہ آج ایم کیو ایم کا ہی چیئرمین ہے اور ایم کیو ایم ہی ایوان کی کارروائی چلا رہی ہے ، ہر پرائیویٹ ممبر ڈے پر شورشرابا ہوتا تھااور کورم کی نشاندہی ہوتی ہے ، پاکستان میں 15فیصد معذور افراد ہیں لیکن حکومت انہیں کوئی سہولیات نہی دے سکی ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سلمان بلوچ نے کہا کہ اس اسمبلی میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں ، آج کراچی میں لوگ بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، ہم نے فاٹا کے انضمام پر ووٹ دیا لیکن ہم صوبے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے ۔رکن اسمبلی محبوب عالم نے کہا کہ ہمارے نصیب میں کرسیاں ہی ہیں اور ان سے خطاب کرنا ہے ، سندھ حکومت مسائل حل کرنے میں اپنا کردارادا کرے ، جن لوگوں نے کرپشن کی ان کے کیسز ختم ہو رہے ہیں ، احتساب کے عمل کو روکنا نہیں چاہیے ، اداروں سے کہتا ہوں کہ متعصبانہ فیصلے نہ کریں ۔

بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان کے رکن علی رضا عابدی نے جنوبی سندھ صوبے کے قیام کے حوالے سے قرار داد پیش کر نی چاہی تو ان کی اپنی جماعت کے اجلاس کے صدر نشین ایس اے قبال قادری نے اجازت نہ دی اور کہا کہ پہلے یہ قرارداد اسمبلی سیکر ٹریٹ میں جمع کر ائیں جس پر ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان نے کہا ایوان کی مرضی معلوم کر لیں ، ایم کیو ایم پاکستان کی طرف سے زیادہ اصرار کر نے پر ایس اے اقبال قادری نے اجلا س تک ملتوی کر دیا ۔ ( ع ا)