جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا مطالبہ کردیا

ایسا فیصلہ زیادتی ہوگی ، اس کا اثر کرایوں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر پڑے گا، صاحبزادہ طارق اللہ کا اظہار خیال

بدھ 30 مئی 2018 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی رہنماء صاحبزادہ طارق اللہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ زیادتی ہے ، اس کا اثر کرایوں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر پڑے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ زیادتی ہے ، اس کا اثر کرایوں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر پڑے گا ، قیمتیں نہ بڑھائی جائیں ، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ، مالاکنڈ ڈویژن میں 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے ، رمضان میں بھی اس طرح ہورہا ہے ، چترال کے لوگوں نے لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا ہے ، ڈی جی نادرا کے پی کے کی تعیناتی کے پانچ مہینے نہیں ہوئے اور اس کا تبادلہ کیا گیا ہے، یہ سیاسی انتقام کیا جارہا ہے ، یہ تبادلہ منسوخ کیا جائے ۔