گزشتہ ماہ ایس ایچ اوکلفٹن کو فائرنگ کر کے زخمی کرنیوالا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا

فیروز آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا

بدھ مئی 21:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) کرا چی کے علاقے درخشاں تھانے کی حدود میں گزشتہ ماہ ایس ایچ اوکلفٹن کو فائرنگ کر کے زخمی کرنیوالا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا دوسری جانب فیروز آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب درخشاں پولیس اسٹیشن کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔

جہاں ملزم دوران علا ج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا ۔ایس ایچ او ساؤتھ سرفراز نواز کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزم نے گزشتہ ماہ اپریل میں کلفٹن تھانے کے ایس ایچ او چوہدری ارشد کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر زخمی کیا تھا فائرنگ کے واقعے میں ہیڈ کانسٹیبل ہدایت زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ہلاک ملزم کے شناخت رند کے نام سے کرلی گئی ہے جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے ادھر فیروز آباد تھانے کی حدود طارق روڈ کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد دو ملزم کو گرفتا ر کرلیا ۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ،مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد کرلیا ۔۔پولیس نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرمنلز ہیں اور ملزمان شہری سے واردات کر کے فرار ہورہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقابلے کے بعد دونوں کو گرفتار کر کے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا ۔۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔۔پاکستان بازار میں پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔#