اسلامی یونیورسٹی، امریکی سفارتخانے کے مابین تعاون کے معاہدے پر دستخط

لنکن کارنر کے ذریعے ثقافتی ، تعلیمی پروگراموں جیسے اقدامات پر اتفاق

بدھ 30 مئی 2018 21:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور امریکی سفارتخانے کے اشتراک سے جامعہ میں قائم کردہ لنکن کارنر کے ذریعے باہمی تعاون اور تعلیم کے فروغ کے مشترکہ منصوبوں کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ۔ اس حوالے سے تقریب اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں دفتر صدر جامعہ میںمنعقد ہوئی اور اس معاہدے پر امریکی سفاتخانے کی جانب سے ڈپٹی قونصلر مشال لوس بینوس جبکہ اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے دستخط کیے۔

معاہدے کی رو سے فریقین ،ثقافتی ، تعلیمی پروگراموں کے تبادلوں اور طلباء کے لیے بہترین تعلیمی مواقعوں کی فراہمی جیسے نکات پر مل کر کام کریں گے ۔ اس سنٹر میں امریکی سفارتخانے کے تعاون سے جامعہ میں لائبریری و اطلاعات ،انگریزی کے سورسز اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

امریکی ڈپٹی قونصلر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ لنکن کارنر امریکی جامعات اور اسلامی یونیورسٹی کے طلباء کے مابین خیالات و تجربات کے تبادلے کا اہم پلیٹ فارم ہے اور امریکی سفارتخانہ ان تعلقات کی وسعت میں ہمیشہ تعاون کے لیے تیار رہتا ہے۔

انہوں نے صدر جامعہ کی اس تجویز کی بھی توثیق کی کہ دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا جائے ۔ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی مذاکروں اور اعلیٰ تعلیم کے تعمیری منصوبوں کے لیے یہ سنٹر ایک اہم جگہ ہے جس کے ذریعے تعاون کے لیے یونیورسٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے لنکن کارنر میں تعاون پر امریکی سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ امریکی سفاتخانے اور اسلامی یونیورسٹی کے اشتراک سے 2006 میں لنکن کارنر کا اجراء جامعہ کی مرکزی لائبریری میں کیا گیا تھا اور حالیہ معاہدہ اس شراکت کو وسعت دینے کی ایک کڑی ہے ۔

متعلقہ عنوان :