بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس،میر اسد اللہ بلوچ نے پارٹی کا ایجنڈا پیش کیا

بدھ 30 مئی 2018 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی)کے سینٹرل کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت میر اسرار اللہ خان زہری منعقد ہوا سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر اسد اللہ بلوچ نے ایجنڈا پیش کیا جو انتخابات کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کیلئے کمیٹی کے حوالے سے تھی، اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی اور بلوچستان میں انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی انتخابی لائحہ عمل کے حوالے سے غور غوص کیا گیا ،اجلاس میں سات رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دی گئی جس میں مرکزی صدر میر اسرار اللہ زہری،مرکزی سیکرٹری جنرل میر اسد اللہ بلوچ،سینئر نائب صدر سید احسان شاہ،میر اصغر رند،ڈاکٹر ناشناس لہڑی،ایڈوکیٹ شاہد بلوچ،خان محمد جان شامل ہیں جب کہ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے دوست پارلیمانی بورڈ سے رابطہ کریں اورپارٹی ٹکٹ کیلئے اپنی درخواستیں ارسال کریں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مرکزی سطح پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو باقی جمہوریت پسند جماعتوں سے پارٹی اور بلوچستان کی وسیع تر مفاد میں سیٹ ایڈجیسٹ منٹ کے حوالے سے بات چیت کر کے مثبت نتیجہ حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی اپنائیگی مرکزی کمیٹی کی اجلاس میں متفقہ طور پر میر اصغر رند کو سینٹرل کمیٹی کا ممبر منتخب کیا گیا ۔اجلاس سے مرکزی صدر میر اسرار اللہ زہری ،مرکزی سیکرٹری جنرل میر اسد اللہ بلوچ،سینئر نائب صدر سید احسان شاہ و دیگر ممبران نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی (عوامی)جمہوری طرز عمل اپناتے ہوئے جمہوری انداز سے بلوچستان کی محرومیوں و پسماندگیوں کیخلاف جدوجہد کرتی رہے گی چونکہ بی این پی (عوامی)ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہور کی بالا دستی کیلئے جدوجہد کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی آئنددہ انتخابات میں بی این پی(عوامی) بھر پور طریقے سے حصہ لے گی اور انشا اللہ انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کر کے بلوچستان کے عوام کی خدمت کے مشن کو لے کر آگے بڑے گی تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی تعلیم صحت اور معاشی طور پر بلوچستان کے عوام کو مستحکم کرنے کیلئے جدوجہد کو تیز کریگی۔