قومی اسمبلی کا اجلاس 24 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا،اراکین کا نقطہ اعتراض پر اظہار خیال

پشاور میں سکھ رہنماء کے قتل پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی کراچی میں مردم شماری کے حوالے سے تحفظات دور نہ ہونے پر ایم کیو ایم کا ٹوکن واک آئوٹ

بدھ مئی 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں 24 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا‘ نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فاٹا انضمام پر افغانستان کو اعتراضات ہیں۔ ہم نے اپنے معاملات حل کر لیئے ہیں لیکن افغانستان کو بھی فاٹا انضمام کو بہتر انداز سے لینا ہوگا، کراچی میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے اسکے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ بھی مسلسل جاری ہے اس حوالے سے اقدامات کرنے کی صرورت ہے ،،پانی کا ضیاع نہ کیا جائے۔

60 سے 70 فیصد پانی صائع ہوتا ہے بھارت نے پہلے ہی پاکستان کا پانی روک لیا ہے۔ کراچی میں پانی اور بجلی کے حوالے سے بہت حالات خراب ہیں انہوں نے کہا کہ معاشی دبائو نگران حکومت برداشت نہیں کر سکے گی۔

(جاری ہے)

کراچی میں بچوں کو بیج والی پنسلیں تقسیم کررہا ہوں ۔ شاہدہ اختر علی نے کہا کہ ملک میں درخت کاٹے جارہے ہیں لیکن نئے درخت نہیں لگائے جارہے ہمارے پاس صرف زیر زمین پانی رہ گیا ہے ۔

صنعتی فضلہ کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے گا اوگرا میں 33 ملازمین عارضی طور پر 10 سال سے کام کررہے ہیں ان کو مستقل کیا جائے۔ رمیش لعل نے کہا کہ پشاور میں سکھ رہنماء کو قتل کیا گیا ہے ان کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی اجلاس میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا کہا اور خاموشی اختیار کی گئی۔

آسیہ نازتنولی نے کہا سپیکر نے اسمبلی کو بہت اچھے طریقے سے چلایا۔ چوہدری نثار میرے استاد ہیں میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ شیخ صلاح الدین نے کہاکہ پرائیویٹ ۔ ممبر ڈے پر بھی پی ٹی آئی کی طرف سے کورم کی نشاندہی کی گئی ہے حکومت نے ہمارے ساتھ وعدہ کیا تھا لیکن وہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ شماریات نے کراچی کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ سے زائد کم دکھایا ہے۔

وزیراعظم نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی ،اگر ہماری بات نہیں سنی گئی تو ہم سپریم کورٹ کی طرف دیکھیں گے۔ صرف مردم شماری کا مسئلہ نہیں اس پر این ایف سی ایوارڈ ہوتا ہے۔ ہمیں کہا گیا کہ دوبارہ مردم شماری کروائی جائے گی لیکن ایسا نہیں کیا گیا میں اس پر ٹوکن واک آئوٹ کرتا ہوں۔ اس دوران انکے ساتھ ایم کیو ایم کے دیگر ارکان بھی واک آئوٹ کر گئے ۔

صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ رمضان میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں اسکے اس مبارک ماہ میں بہت اثرات پڑیں گے۔ اس ماہ میں عوام کو سہولیات دیں ایسا نہ ہو کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی مزید بڑھیگی ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ اب لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی ہے لیکن کیا مالاکنڈ ڈویژن پاکستان کا حصہ نہیں وہاں پر مسلسل لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے لوگ احتجاج کررہے ہیں ۔

ڈی جی نادرا پشاور کا تبادلہ کیا جارہا ہے وہ بہت اچھے انسان ہیں اس کے پانچ ماہ بھی پورے نہیں ہوئے اس کا تبادلہ روکا جائے۔ جمال الدین نے کہا کہ حکومت کی مدت پوری کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں 24 مئی کو اس ایوان نے ایک ظالمانہ فیصلہ کیا ہے یہ فاٹا کے عوام سے پوچھے بغیر کیا گیا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ۔ یہ جمہوری ملک ہے ہر کسی کو جمہوری طریقے سے حق حاصل کرنے چاہیں۔

عبدالستار بچانی نے کہا کہ سی سی آئی کی میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ مردم شماری کے حوالے سے اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو وہ آنے والی حکومت کرے گی اس پر ایم کیو ایم نے کل بھی اور آج بھی ٹوکن واک آئوٹ کیا ہے ۔ چوہدری خادم حسین نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اب میں اس اسمبلی میں نہ آئوں اور نہ ہی الیکشن لڑوں گا۔ ہمارے چار حلقوں کی الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں کالعدم قرار دے دیا ہے اس میں ہمارا جہلم بھی شامل ہے اس میں پہلے بھی ن لیگ کا آدمی جیت جاتا تھا اب بھی جیتے گا یہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قبول کرتے ہیں علی محمد خان نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر شانگلہ میں ملازمین کو 2015 سے لے کر واجبات نہیں ملے ہیں موٹر وے پر جو ہوٹل بنے ہیں وہاں پر کوئی غریب آدمی روٹی نہیں کھا سکتا۔

پانچ سال میں میرے حلقے کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے عام آدمی کو پولیس بھی تنگ کرتی ہے لیکن ہم پولی کلینک اور پمز کو ٹھیک نہیں کر سکے۔ اسلام آباد کے ہسپتالوں کا کوئی حال نہیں ہے۔ ڈی آئی جی اور ڈی سی ہمارے نوکر ہیں ان کو ہمارے ٹیکس سے تنخواہ ملتی ہے اسد درانی کو جی ایچ کیو میں بلایا گیا ہے تو اچھی روایات ہیں اور اس کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے اور یہ ایوان میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے پوچھے کہ ان کے بیان سے بھارت میں شادیانے بجے تھے۔

اگر جی ایچ کیو بلا یا جاسکتا ہے تو نواز شریف کو بھی کیوں نہیں بلا سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے مودی کا بیانیہ اختیار کیا ہے۔ طاہر اقبال نے کہا کہ یہ عوام کا ایوان ہے سب عوام کا ووٹ لے کر آتے ہیں میری وجہ سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں تمام ایم این ایز کو دفاتر دیئے جائیں یہ پڑھے لکھے اراکین اسمبلی ہیں ان سے کام لیا جائے ہمیں حکومت پر مثبت تنقید کرنی چاہیے۔

ثمن سلطانہ جعفری نے کہا کہ احتجاج کے دوران کاغذ نہ پھاڑے جائیں بحریہ یونیورسٹی میں 80 سے زائد طالبات سے زبانی امتحان کے دوران رویہ اچھا نہیں رکھا گیا ہے ۔ کراچی نے اس ملک کو بہت کچھ دیا ہے لیکن کراچی کو بھی کچھ دیا جائے۔ کراچی میں پانی نہیں ہے اس کو پانی دیدیں۔ ساجدہ بیگم نے کہا کہ گجرات سے ایک خاتون نے دھا گے کے ساتھ قرآن پاک لکھا ہے اسکی خواہش ہے کہ اس کا یہ قرآن پاک کا نسخہ مسجد نبوی میں رکھا جائے یہ بات مذہبی امور کی وزارت کے نوٹس میںبھی لائی جائے اور اس خاتون کی خواہش پوری کی جائے ۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لیں گے فاٹا کو 70 سال کے بعد ہم نے حقوق دیئے ہیں، میں فاٹا کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ یہ ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے اس مسئلے کو قائد اعظم بھی حل کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی صحت نے اجازت نہیں دی۔ فاٹا کے محب وطن لوگوں کو ان کے حقوق ملے ہیں،کیو ںنہ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنائی جائے۔

تمام مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونا چاہئیں۔ ایک منظور پشتین پٹھانوں کے حق میں نکلے ہیں۔ 1971 ء کا سانحہ ہوا قائد اعظم کے پاکستان کے دو ٹکرے کردیئے گئے اگر کسی نے ووٹ کو عزت نہ دی دولت کو چرانے کی کوشش کی تو پھر حالات خراب ہوں گے۔ ہماری حکومت سے پہلے اٹھارہ، اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج لوڈ شیدنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسد درانی نے کتاب لکھی اس پر جی ایچ کیو نے بلایا ہے اسد درانی کا فیصلہ اس ایوان نے کرنا ہے۔

اس الیکشن کے بعد جو اسمبلی آئے گی تو وہ اس ایوان کو بریفنگ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قانون سازی ہونی چاہیے کہ ایم این اے کو کوئی عدالت بلائے تو عدالت کو بتایاجا سکے فکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن کو نہیں بلایا جاسکتا جن علاقوں میں تربیلا جھیل بنی ہے وہاں کے عوام کو کچھ نہیں مل رہا۔ ہمیں دلوں کو صاف کرکے جانا چاہیے۔ ہمیں 22 گریڈ کے افسر واجد ضیاء نے جھوٹا کہا آئندہ آنے والی اسمبلی کو اس کیس کو ریفر کیا جائے ان قائمہ کمیٹیوں کو بھی بااختیار کیاجائے ہم لوگوں کے ووٹ کی عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں اگر یہ ایوان اکٹھا ہوگا تو ہم 1973 ء کا آئین دے سکتے ہیں تو سب کچھ بھی کرسکتے ہیں ۔

اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ مین تین مرتبہ ایم این اے رہا ہوں۔ ہم کہتے رہے کہ اس پارلیمنٹ کو مضبوط ہونا چاہیے ۔ اس حکومت کے بارے میں بڑی باتیں ہوتی رہی ہیں کہ اس کو خطرہ ہے لیکن اللہ نے تمام خطرے ٹال دیئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس اسمبلی کو عزت نہیں دی اگر وہ عزت دیتے تو شاہد یہ صورتحال نہ ہوتی۔ اصل طاقت عوام کی ہے اور ہم عوام کی طاقت سے آتے ہیں ۔

اگر ہم اپنی پگڑی دوسروں کے حوالے کریں گے تو وہ کیا عزت کرینگے عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں ہونا چاہیے۔ ووٹ اور ووٹر کو عزت دیں گے جب آپ اپنی طاقت پر اس ایوان میں آئیں گے تو کھل کر بولیں گے۔ حکومت نے پانچ سالوں میں صرف پنجاب کو اپنا حلقہ سمجھا ہے۔ کراچی سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے لیکن کراچی کو کوئی بڑے منصوبے نہیں دیئے گئے۔ میاں عبدالمنان نے کہا کہ اگر میری کسی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے اس پر معافی مانگتا ہوں ۔

ہم اپنے قائد کے بیانیہ کے ساتھ ہیں اور الیکشن جیت کر آئیں گے۔ شیر اکبر خان نے کہا کہ ملائیشیاء کے ساتھ پاکستان کا دوہری شہریت کا معاہدہ کیا جائے تاکہ وہاں پر رہنے والے پاکستانی اپنی مرضی سے پاکستان آتے جاتے رہیں۔ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی کی طالبات نے انچارج امتحانات بشیر احمد کیخلاف الزام لگایا کہ پریکٹیکل کے دوران جنسی طور پر حراساں کیا گیا ہے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ طالبات اس کو ثابت کریں یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھایا گیا۔

اس پر فوری ایکشن لیا جائے ۔ بلیغ الرحمن صاحب اس پر ایکشن لیں۔ ڈاکٹر اظہر جدون نے کہا کہ اگر سرکاری افسران ہماری بات نہیں مانتے اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم خود اس حوالے سے کچھ نہیں کرتے ۔ سابق وزیراعظم کے داماد بھی اس بات کا رونا رو رہے تھے کہ سرکاری افسران ہماری بات نہیں مانتے۔ سید وسیم حسین نے کہا کہ اب ہم جب اپنے حلقوں میں جائیں گے تو پتہ نہیں ہمارا استقبال کیسا ہوگا۔

پانچ سال میں حیدر آباد میں یونیورسٹی اور نہ ہی ائیرپورٹ بنایا گیا۔ اگر حلقے میں کوئی کام نہیں ہوگا تو کون ہمیں ووٹ دے گا۔ صدر پاکستان نے کہا تھا کہ سب کا احتساب ہونا چاہیے کہ ان سب کے پاس پیسہ کہاں سے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب اور چیف جسٹس سندھ میں آئیں دیکھیں کہ سندھ کو کیسے لوٹا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے لوگ نیب سے رہا ہورہے ہیں کیا زرداری نے کوئی ڈیل کرلی ہے جو سندھ دھرتی کو کھا گئے ہیں ان کا احتساب کرنے والا کوئی نہیں پتہ نہیں آیان علی کس کیلئے پیسے لے کر جارہی تھی۔

یہ معصوم بچے مزل قریشی ‘ علی رضا عابدی جیسے ان پر منی لانڈرنگ کے کیس ہیں ان کا کچھ نہیں ہورہا ہے۔ مزمل قریشی نے کہا کہ ابھی سیاسی گورنر سینیٹرز ‘ ڈی سی اوز اور اعلی عہدوں پر موجود ہیں اور کام کررہے ہیں۔ تو ایسی صورتحال رہی تو کیسے شفاف انتخابات ہوں گے بہت سے لوگ اپنے آبائو اجداد کو ملنے بھارت اس لئے نہیں جانتے کہ واپس آکر ان پر را کے ایجنٹ کا الزام نہ لگ جائے ۔

میں آئندہ ان الزامات کے خاتمے کیلئے کام کروں گا۔ ہمیں فنڈز نہ وفاق سے ملا ہے اور نہ صوبے سے اور نہ کراچی کے میئر سے ملا ہے۔ حکومتی وزراء نے ووٹ کی بجائے نوٹ کو عزت دی ہے اس وجہ سے صورتحال خراب ہوئی ہے۔ لال چند نے کہا کہ تحریک انصاف نے مخصوص نشست پر مجھے اس ایوان میں لایا ہے میں اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اقلیتوں کے مسائل کو اٹھاتا رہا ہوں ۔

جبر ی مذہب کی تبدیلی کا بل بھی اس ایوان سے پاس ہوا ہے۔ مولانا قمر الدین نے کہا کہ آذان کے بعد پھر اجلاس شروع کردیا جاتا ہے لیکن اذان کے بعد نماز کا وقفہ ہونا چاہیے۔ کشور زہرہ نے کہا کہ ہمیں عوام نے ووٹ دے کر بھیجا تھا لیکن آج بھی ہم خالی جھولی لے کر جا رہے ہیں۔ پاکستان میں پندرہ فیصد معذور لوگ ہیں جن کو حکومت کی طرف سے آج تک کچھ نہیں ملا اس حوالے سے گزشتہ روز رپورٹ پیش ہوئی تھی لیکن کورم کی نشاندہی کی وجہ سے نہیں ہوسکی۔

زاہد حسین خان نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے اس ایوان کو بہت اچھے طریقے سے چلایا ہے میاں نواز شریف ہمارے قائد نے اپنے وعدے پورے کئے ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوگیا ہے پنجاب میں بجلی کے کارخانے سب سے زیادہ ہیں۔ سلمان بلوچ نے کہا کہ ہم جب اپنے حلقے میں جاتے ہیں تو ہمیں انڈے اور جوتے نہیں پڑتے بلکہ ہمیں پھولوں کے ہار پہنائے جاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی فنڈز دیتے تھے کنجوسی نہیں کرتے تھے ۔ اس اسمبلی میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے کئے جاتے ہیں حق اور سچ پر فیصلے نہیں کئے جاتے۔ اس اسمبلی میں آنے کا فائدہ نہیں جب بندہ اپنے حلقے کی عوام کی بات نہ کر سکے۔ 12 ارب 60 کروڑ کا منصوبہ زیتون کا نیشنل فوڈ اینڈ سکیورٹی ریسرچ کمیٹی میں آیا کہ اس میں کرپشن ہوئی اس منصوبے کے ڈائریکٹر کو معطل کردیا اور انکے خلاف ایف آئی اے میں کیس چلے ہیں اب ان کو بحال کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے کراچی میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

ہمیں کوئی فنڈز نہیں دیئے گئے جو ہم اپنے حلقے میں لگا سکتے ہوں۔ بھون داس نے کہا کہ چرن سنگھ کے قتل کا ابھی تک کوئی نوٹس نہیں لایا گیا تاکہ ان کے خاندان کو مطمئن کیا جائے وہاں پر عرصے سے سکھ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کی جاتی رہی ہے متروکہ وقف املاک بورڈ کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔ ہماری جو عبادت گاہیںہیں ان کو بھی لیز پر دے رکھا ہے۔ محبوب عالم نے کہا کہ سندھ میں جن لوگوں نے کرپشن کی ہے آج ان کو رہا کیا جارہا ہے اگر مین نے کرپشن کی ہے تو مجھے سزا ملنی چاہیے احتساب کا عمل رکنا نہیں چاہیے موجودہ حلقہ بندیوں میں ہماری آبادی بڑھنے کی بجائے کم ہوگئی ہے حکومت کو چاروں صوبوں کو ایک نظر سے دیکھنا چاہیے میرے حلقے میں ایشیاء کی سب سے بڑی کچی آبادی ہے ۔

ڈاکٹر نگہت شکیل نے کہا کہ جو لوگ وزیراعظم بننے کی خواہش میں ہیں ان سے کہتی ہوں کہ وہ اس ایوا ن کو عزت دیں اگرہماری طرف سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو ہم اس پر معذرت خواہ ہیں۔ بیت المال کی طرف سے غریب لوگون کو کوئی راشن نہیں دیا گیا اس ماہ میں لوگوں کو کھانے پینے کی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے علی رضا عابدی نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبے کی قرار داد لانا چاہتا ہوں اس پر اجازت دیں ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج جمعرات صبح 11 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ طارق ورک)