فیصل آباد، آئندہ مون سون میں ممکنہ شدید بارشوں اوردریائوں کی طغیانی کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع تیاریاں کی جائیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو

بدھ 30 مئی 2018 21:46

فیصل آباد ۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) ضلع میں آئندہ مون سون موسم میں ممکنہ شدید بارشوں اوردریائوں کی طغیانی کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع تیاریاں کی جائیں اور امدادی کارروائیوں کو باریک بینی سے چیک کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالات میں دشواری کاسامنانہ کرنا پڑے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو محمد شاہد نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اسسٹنٹ کمشنرز،واسا،لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ،کالجز،پولیس،فیسکو ودیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

صدر اجلاس نے واسا افسران سے کہا کہ ممکنہ شدید بارشوں میں نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے بلاتاخیر اخراج کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس چلانے کی ضروری تیاریاں مکمل ہونی چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے برساتی نالوں کی صفائی اور سیوریج سسٹم/ڈسپوزل سٹیشن کو فعال رکھنے کی ہدایت کی۔انہوںنے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے قائمہ ہدایات کے مطابق اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ رہیں اور فلڈ کنٹرول پلان فوری ڈی سی آفس کو فراہم کریں جس میں مشینری کی چالو حالت کے علاوہ درکار مشینری کے بارے میں بھی تفصیلات درج ہونی چاہیں۔

انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو کنٹرول رومز قائم کرنے کی تاکید کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے خطرناک وبوسیدہ قرار دی جانے والی عمارتوں/حصوں کی تعمیرومرمت یا انہیں حفاظت کے ساتھ مسمار کرنے کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو تیزرفتار اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :