حکومت پنجاب کی طرف سے سرکاری دفاتر میں بجلی کے استعمال میں بچت کیلئے کفایت شعاری اختیارکرنے کی ہدایت جاری

بدھ 30 مئی 2018 21:46

فیصل آباد ۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی طرف سے سرکاری دفاتر میں بجلی کے استعمال میں بچت کے لئے کفایت شعاری اختیارکرنے کی ہدایت جاری اور تاکید کی گئی ہے کہ بجلی کے بے جا اوربلاجواز استعمال سے گریز کیا جائے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر فیصل آبادسلمان غنی نے تمام سرکاری اداروں کے لئے ایک مراسلہ میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ دن کے دفتری اوقات کے دوران کوشش کی جائے کہ زیادہ سے زیادہ قدرتی روشنی کوبروئے کار لائیں ۔

مزید کہاگیا ہے کہ دفاتر میں بجلی کی خراب وناقص تنصیبات کو تبدیل کرکے ایسی تنصیبات نصب کی جائیں جن سے بجلی کے استعمال میں بچت ہو۔مزید برآں بلب اور ٹیوب لائٹس کو انرجی سیورمیں تبدیل کریں جس کی بدولت انرجی کے استعمال میں واضح بچت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

دفاتر کے کمروں میں روشنی میں اضافہ کرنے کیلئے وائٹ واش کا انتظام کیا جائے اور کمرے میں ایک ہی لائٹ کا استعمال کریں اور ٹیبل لیمپ چلانے سے بھی احتراز کیا جائے۔

دفاتر کے کمرے میں سٹاف یا افسران موجود نہ ہونے پر تمام لائٹس،پنکھے اور ائیر کنڈیشنڈ وغیرہ بند رکھے جائیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مجاز افسران ہی ائیر کنڈیشنڈ کا استعمال کریں اوراس کا تھرموسٹیٹ 26ڈگری پر رکھا جائے۔حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سرکاری دفاتر کو تلقین کی گئی ہے کہ سورج کے سامنے والی دیواروں کی انسولیشن کروائی جائے اور ائیر کنڈیشنڈ کمروں کے دروازوں پر ڈور کلوزر لگوائے جائیںاور عوامی دفاتر میں ائیر کنڈیشنڈ گیارہ بجے سے پہلے نہ چلایا جائے۔مراسلے میں ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرکے بجلی کی بچت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔