فیصل آباد، دوران سروس شہید و فوت ہونے والے پولیس اہلکار وں کی فیملیزمیں48لاکھ روپے اور دوران مقابلہ زخمی ہونے والے کنسٹیبل کو 05لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم

بدھ مئی 21:46

فیصل آباد ۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) سی پی او فیصل آباد اطہراسماعیل نے آئی جی پنجاب کے آفس سے دوران سروس شہید و فوت ہونے والے اہلکاروں کی فیملیزکیلئے منظور ہونے والی مالی امداد48لاکھ روپے کے امدادی چیک ورثاء میں تقسیم کئے۔جن دو اہلکاروں کی فیملیز میں چیک تقسیم کئے گئے ان میںشہید کانسٹیبل محمد اقبال کی بیوہ شگفتہ اقبال کو 40لاکھ دوران سروس وفات پانے والی(مرحوم)سب انسپکٹر عابد علی کی بیوہ ارشاد شفیع کو08لاکھ روپے فی کس جبکہ دوران مقابلہ زخمی ہونے والے تھانہ گلبرگ کے کانسٹیبل اظہر ولایت کو 05لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پرسی پی او اطہر اسماعیل نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور آئی جی پنجاب کے بے حدمشکور ہیںجنہوں نے محکمہ پولیس میں کام کرنے والے افسران و اہلکاروں کے ورثا کیلئے اس پیکج کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

سی پی او فیصل آباد نے مزید کہا کہ پولیس فورس میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران و اہلکاران خواہ وہ کسی بھی رینک کے ہوں ان کے بچے اور خاندان ہمارے اپنے ہیں ان کیلئے میرے دفتر کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ، ڈیوٹی کرتے ہوئے جرات اور بہادری سے مقابلہ کرنے والے اہلکاران اس محکمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں ان کی قربانیاں رائگاں نہیں جائیں گی ۔