نالہ لئی کی صفائی اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کا 160ملین روپے لاگت کا منصوبہ جون میں مکمل ہو گا

بدھ مئی 21:48

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا )راولپنڈی کے منیجنگ ڈائریکٹر راجہ شوکت محمود نے کہاہے کہ مون سون سے قبل نالہ لئی کی 1200 مربع فٹ طویل اور 38فٹ اونچی دیوار کی تعمیر کاکام مکمل کر لیا جائے گا ۔اے پی پی کو دیئے گئے انٹرویو میں راجہ شوکت محمود نے بتایاکہ پیرودھائی قبرستان کے قریب سے لے کر ڈھوک دلال پیرودھائی پل تک نالہ لئی کی 1200 مربع فٹ طویل دیوار کی تعمیر کاکام تیزی سے جاری ہے جو کہ بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔

انہوںنے بتایاکہ مون سون کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے پیرودھائی قدیمی قبرستان سمیت ملحقہ آبادیاں متاثر ہو رہی تھیں۔ اہالیان علاقہ کی درخواست پر پنجاب حکومت نے نالہ لئی کی حفاظتی دیوار کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ نالہ لئی کی حفاظتی دیوار اس وقت 900مربع فٹ کام مکمل کر لیاگیا ہے جسے جلد مکمل کر کے طغیانی سے بچائو کے اقدامات مکمل کر لیے جائیں گے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ نالہ لئی کے گرد و نوح میں واقع نشیبی علاقوں کو سیلابی پانی سے بچائوکے نالہ لئی کی مکمل صفائی کا کام بھی جاری ہے جس کے تحت نالہ لئی کی صفائی جون کے وسط تک مکمل کر لی جائے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیاکہ نالہ لئی کے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کوڑا کرکٹ نالہ لئی میں پھینکنے سے گریز کریں تاکہ نالہ لئی کی روانی برقرار رہ سکے۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کو نالہ لئی کو صاف ستھرا رکھنے میں واسا کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے اور کوڑا کرکٹ مختص مقامات پر ہی پھینکنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچائو میں شہریوں کا کلیدی کردا ر ہوتا ہے اور وہ اپنا یہ کردار شہری ذمہ داریاں پوری کر کے ادا کر سکتے ہیں ۔قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود نے کہاکہ نالہ لئی سے کچرے کو اٹھانے کے ساتھ ساتھ نالہ لئی کو چوڑا اور گہرا بھی کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ گوالمنڈی کے علاقے میں نالہ لئی کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ یہ گنجان آباد علاقہ ہے اور اس مقام پر بڑی مقدار میں کوڑا کرکٹ جمع ہے ۔انہوں نے کہاکہ صدر روڈ ،ڈھوک چراغ دین ،پیرودھائی ،نیوکٹاریاں اور ڈھوک نجو کے علاقے بھی خطرناک ہیں تاھم ان مقامات کی صفائی کا کام بھی جاری ہے اور ان علاقوں سے نالہ لئی کی مکمل صفائی کے کام کو جلد نمٹا لیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں ایم ڈی واسا نے اے پی پی کو بتایا نالہ لئی کی صفائی اور حفاظتی دیوار کی تعمیر کے دونوں منصوبوں پر 160ملین روپے لاگت آئے گی۔

متعلقہ عنوان :