رنگ روڈ پراجیکٹ ناگزیر ہے،ڈی جی آر ڈی اے ، ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 30 مئی 2018 21:48

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) ڈائریکٹرجنرل آرڈی اے رانا اکبر حیات نے تمام ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی منصوبے میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ ان خیالات کا اظہار ڈی جی نے راولپنڈی کے ترقیاتی اداری(آرڈی ای)کی جاری ترقیاتی سکیموں اور نئے منصوبوں سے متعلق شعبہ انجینئرنگ کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں چیف انجینئر اطہر حسین بخاری،اسسٹنٹ ڈائریکٹرانجینئرنگ راحت علی قریشی، محمد فیصل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر چیف انجینئرکی طرف سے راولپنڈی ترقیاتی ادارہ کے جاری منصوبوں کے علاوہ نئے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جن میں رنگ روڈ پراجیکٹ ،نالہ لئی ایکسپریس وے کی تعمیر ،عمارچوک کی ری ماڈلنگ ،ٹیپوروڈسے بے نظیر ایئرپورٹ روڈ تک کا لنک روڈکی تفصیلات اور موجودہ صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل آرڈی اے نے کام کی تیزی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ رنگ روڈ پراجیکٹ ناگزیر ہے کیونکہ یہ سالانہ ترقیاتی پروگرام(اے ڈی پی) میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کام کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے تو اس میں تاخیر نہیں کی جاسکتی ہے،عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے ہمیں کام کی رفتارکو بھی بڑھانا ہوگا۔ اجلاس میں چیف انجینئر نے مری روڈپر آرڈی اے کے پلاٹ پر کمرشل ٹاور کی تعمیر سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جس پر ڈائریکٹرجنرل نے اسے سراہتے ہوئے کہاکہ افسران و ملازمین محنت اور جانفشانی سے کام کریں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدامات یقینی بنائے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :