سابق صدر مملکت آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی اقامہ ہولڈر نکلیں

اقامہ رکھنے کے باعث فریال تالپور کی نااہلی کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ مئی 21:11

سابق صدر مملکت آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی اقامہ ہولڈر نکلیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور سابق صدر مملکت آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی مبینہ طور پر اقامہ ہولڈر نکلی ہیں۔ فریال تالپور کے پاس اقامہ ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد انہیں اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دلوانے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کی اقامہ پر نااہلی کے بعد پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کا بھی اقامہ سامنے آگیاہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں ایک شہری معظم عباسی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی پی پی رہنما اور سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور بھی اقامہ ہولڈر ہیں، انہیں اسمبلی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر 5 جون کو فریقین کو دلائل کیلئے طلب کرلیا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ فریال تالپور نے 2002 میں اپنی صاحبزادی عائشہ کے نام پر دبئی میں کمپنی قائم کی اور رقم دبئی منتقل کرنے کی تفصیلات الیکشن کمیشن سے چھپائیں، جیالی رہنما نے اپنا اقامہ بھی ظاہر نہیں کیا۔

درخواست گزار نے کہاکہ جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر فریال تالپور صادق اور امین نہیں رہیں۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا ہے کہ فریال تالپور کو اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیکر ان کے مقدمہ درج کیا جائے۔ واضح رہے کہ پاناما کیس میں اقامہ منظر عام پر آنے پر میاں نواز شریف کو وزارت عظمی کے عہدے سے ہٹا کر انہیں سیاست کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا جبکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی اقامہ پر نااہلی کا شکار ہوچکے ہیں۔