وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجوکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا آخری اجلاس

صوبائی کابینہ نے بلوچستان ہیلتھ پالیسی کو منظور کرلی، بلوچستان ڈرگ رولز 2018ء کی بھی منظوری دی

بدھ 30 مئی 2018 22:06

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجوکی زیر صدارت صوبائی کابینہ ..
کوئٹہ۔30مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے آخری اجلاس کا دوسرا سیشن منعقد ہوا کابینہ نے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل امور پر تفصیلی غوروخوض کرتے ہوئے ان کی منظوری دی۔ صوبائی کابینہ نے کابینہ کی سب کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بلوچستان ہیلتھ پالیسی کو منظور کرلیا جبکہ صوبائی کابینہ نے بلوچستان سول سرونٹس ایکٹ 1974میں ترامیم کی منظوری بھی دی۔

کابینہ نے بلوچستان ڈرگ رولز 2018ء کی منظوری بھی دی جسے حتمی منظوری کے لئے صوبائی اسمبلی بھجوایا جائے گا۔ صوبائی کابینہ نے شپ بریکنگ رولز1979میں ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے شپ بریکنگ یارڈ میں فی ٹن فیس کو پچاس روپے سے بڑھا کر 800 روپے کرنے کی منظوری بھی دی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی ترمیمی بل 2018ء کی منظوری بھی دی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ قلیل مدت کے لئے قائم صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں اہم صوبائی امور کی انجام دہی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جبکہ کابینہ نے صوبے کے حقوق کے تحفظ، مختلف فورمز پر صوبے کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے اور آئندہ مالی سال کے لئے ایک متوازن بجٹ کی تیاری میں وزیراعلیٰ کی رہنمائی کو خراج تحسین پیش کیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تقریباً پانچ ماہ کی مدت کے دوران کابینہ کے اجلاسوں کا تسلسل کے ساتھ منعقد کرنے کا مقصد صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل کو تیز کرنا تھا اور انہیں اطمینان اور خوشی ہے کہ عوام نے موجودہ حکومت پر جو اعتماد کیا اس پر ہم نے خلوص نیت کے ساتھ پورا اترنے کی کوشش کی اور کابینہ نے افہام وتفہیم کے ماحول میں اپنے آئینی فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنایا جس کے لئے اراکین کابینہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ کابینہ کے ساتھیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ہر ہرقدم پر ان کا ساتھ دیا اور اہم امور میں ان کی رہنمائی بھی کی جس سے ہم مختصر مدت میں اہم مسائل کے حل میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے انہیں پر خلوص دوستوں کے ہمراہ صوبے کی خدمت کا موقع دیا اور آئندہ بھی وہ جس حیثیت میں رہیں گے صوبے کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔