کراچی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچ گیا

ہیٹ ویوکے دوران خاص طورپرروزے کی حالت میں شہری خصوصی احتیاط کریں، ماہرین صحت

بدھ مئی 22:11

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) شہرقائد میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ بدھ کودرجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، سمندری ہوائوں کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوزکرگیا ہے جبکہ گرمی کی تپش 48 ڈگری محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے ہوا چل رہی ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 4 فیصدرہا۔

شدید گرمی کی یہ لہر جمعرات کو بھی برقرار رہے گی اور جمعہ سے گرمی کی شدت میں بتدریج کمی ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہونے سے ہیٹ ویو آنے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں، اس حوالے سے صوبائی اور شہری حکومتوں کے زیر انتظام اسپتالوں میں پہلے ہی ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ ہیٹ ویو کی پیش نظر کمشنر کراچی کی زیر نگرانی ضلعی حکومتوں، رینجرز اور پولیس نے ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کررکھے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری گذشتہ دنوں پڑنے والی گرمی کی طرح احتیاط کریں اور شدید ہیٹ ویو اور ہوا میں نمی کم ہونے پر بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور ضرورت پڑنے پر دھوپ میں نکلتے وقت سر گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔روزہ دار افطار وسحر میں دودھ دہی لسی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، تلی ہوئی اشیا اور فریج میں رکھے باسی کھانے اور کھلی فضا میں فروخت ہونے والے کٹے فروٹ استعمال نہ کریں اور ساتھ ہی ساتھ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لئے دن میں دو بار نہانا بہتر رہے گا۔

متعلقہ عنوان :