کراچی، سی ویو پر پولیس مقابلہ، ملزم ہلاک

بدھ 30 مئی 2018 22:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) کراچی میں رمضان المبارک کی خریداری کیا تیز ہوئی، لٹیرے بھی سرگرم ہوگئے، سی ویو کے قریب مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، دوسرا فرار ہوگیا۔کراچی کے مختلف علاقوں سے 6ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،پی ای سی ایچ ایس سے اسٹریٹ کرائم کے دوملزمان پکڑے گئے،سپرہائی وے احسن آباد سے لوٹ مار میں ملوث 3ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے درخشاں میں شہری سے لوٹ مار کرکے فرار ہونے والے ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم شدید زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔پولیس مقابلے میں پولیس اہلکار مدثر بھی زخمی ہو گیا، زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ اس دوران زخموں کی تاب نہ لاتا ہوا چل بسا۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والا ملزم 21 اپریل کو کلفٹن میں ہونے والے مقابلے میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او کلفٹن زخمی جبکہ اہلکار ہدایت اللہ شہید ہوگیا تھا، ہلاک ڈاکو کو ایس ایچ او کلفٹن چوہدری شاہد نے شناخت کرلیا ہے۔ادھر فیروز آباد کے علاقے میں لوٹ مار کرکے فرار ہونے والے ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم وسیم اور شاہ رخ سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فون، پرس اور موٹرسائیکل ملی ہے۔

ایس پی اورنگی عابد علی بلوچ کے مطابق منگھوپیر میں ایران سے ڈیزل اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی، گاڑی کے خفیہ خانوں سی1800لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوروز قبل بھی 3000لیٹرایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔پاکستان بازار سے پولیس نے اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔