آئینی مدت کی تکمیل کے بعد اقتدار کی احسن انداز میں منتقلی جمہوری استحکام کی سمت اہم سنگ میل ہے

پانچ برسوں کے دوران چیلنجز کے باوجود دہشت گردی کا خاتمہ، سیکورٹی معاملات اور توانائی بحران پر قابو پایا ہے وہ کام بھی کئے جو 65 سالوں میں نہیں کئے گئے، ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر بلوچستان کی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کوئٹہ میں بلوچستان کے پہلے نیشنل انکوبیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 22:15

آئینی مدت کی تکمیل کے بعد اقتدار کی احسن انداز میں منتقلی جمہوری استحکام ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئینی مدت کی تکمیل کے بعد اقتدار کی احسن انداز میں منتقلی جمہوری استحکام کی سمت اہم سنگ میل ہے، گزشتہ پانچ برسوں کے دوران چیلنجز کے باوجود دہشت گردی کا خاتمہ، سیکورٹی معاملات اور توانائی بحران پر قابو پایا ہے، منتخب عوامی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں وہ کام بھی کئے جو گذشتہ 65 سالوں میں نہیں کئے گئے، ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر بلوچستان کی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں بلوچستان کے پہلے اور ملک کے پانچویں نیشنل انکوبیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیرانوشہ رحمن اور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

نیشنل انکوبیشن سینٹر بیوٹمز یورنیورسٹی کوئٹہ میں قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے سینٹرکے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور سینٹرکے قیام کی تعریف کی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ہائی ویز، موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھایا گیا، ایئر پورٹس اور بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا، معیشت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل انکوبیشن سنیٹر کا دائرہ کار ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں پھیلایا جائے گا، بلوچستان میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، اگر صوبے کے وسائل کو درست طور پر بروئے کار لایا جائے تو بلوچستان ترقی کے سفر کے منازل طے کرے گا، بلوچستان پاکستان کا خوشحال صوبہ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر بلوچستان کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ کچھ زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی ڈیجیٹل پالیسی وضع کی گئی ہے، ای کامرس کے فروغ سے ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تھری جی انٹرنیٹ سروس کیلئے 26 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پرامن اور شفاف انتقال اقتدار کی ضرورت ہے کیونکہ جمہوریت کے تسلسل میں ہی پاکستان کی بقاء مضمر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والی حکومت ان پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھے گی۔