رینجرز سندھ کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، لیاری گینگ وار، جرائم پیشہ، اسٹریٹ کرمنل اور منشیات فروش گرفتار

بدھ 30 مئی 2018 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے بعد لیاری گینگ وار، جرائم پیشہ، اسٹریٹ کرمنل اور منشیات فروش کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے سچل میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان محمد عاقب عرف خان اوبو اور نادر عبدالصمد کو گرفتار کیا جن کا تعلق لیاری گینگ وار (بابا لاڈلہ گروپ) سے ہے۔

دونوں ملزمان ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔ دوسری کارروائی میں رینجرز نے سچل ہی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عرفان راشد عرف میجر عرفان کو گرفتار کیا۔ ملزم خود کو آرمی اور رینجرز آفیسر ظاہر کرکے جعلسازی میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

تیسری کارروائی میں نیو کراچی کے علاقے میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم وسیم جبکہ بلدیہ ٹائون اور آرام باغ کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان عالم خان عرف دالم اور شہادت علی بٹ کو گرفتار کیا۔

ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ رینجرز نے چوتھی کارروائی میں کورنگی کے علاقے سے ملزم فدا حسین کو گرفتار کیا جو منشیات فروشی میں ملوث ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کرلی گئی ہے اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔