وفاقی جامعہ اردو کی سینیٹ کی37ویں اجلاس کا دوسرا سیشن ڈپٹی چیئرمین محمد جاوید اشرف حسین کی سربراہی میں منعقد ہوا

شیخ الجامعہ کے عہدے کے لئے ڈاکٹر ایس الطاف حسین، حافظ محمد اقبال اور ڈاکٹر معین الدین کے نام ایوان صدر بھیجنے کی سفارش

بدھ 30 مئی 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) وفاقی جامعہ اردو کی سینیٹ کی37ویں اجلاس کا دوسرا سیشن ڈپٹی چیئرمین محمد جاوید اشرف حسین کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جامعہ کے شیخ الجامعہ کے عہدے کے لئے ڈاکٹر ایس الطاف حسین، حافظ محمد اقبال اور ڈاکٹر معین الدین کے نام ایوان صدر بھیجنے کی سفارش کی گئی۔اجلاس ایک نکاتی ایجنڈے پر مشتمل تھا۔

اجلاس کے پہلے سیشن میں اراکین سینیٹ نے تلاش کمیٹی کی جانب سے منتخب کئے گئے پانچ امیدواروں کی سی ویز طلب کی تھیں تاکہ ان کا تفصیلی جائزہ لے کر تین نام منتخب کئے جاسکیں ڈپٹی چیئرمین محمد جاوید اشرف نے ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کردیا تھا اور اسکا دوسرا سیشن30مئی کو منعقد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

سینیٹ کی37ویں اجلاس کے دوسرے سیشن میں تفصیلی بحث کے بعد تین امیدواروں کے نام ایوان صدر بھیجنے پر اتفاق رائے ہوگیا اور ان کی منظوری دے دی گئی۔

یاد رہے کہ وفاقی جامعہ اردو کی تلاش کمیٹی نے جامعہ کے شیخ الجامعہ کے عہد ے کے لئے پانچ ناموں کی حتمی منظوری دی تھی جس میں قائم مقام شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین،ڈاکٹر معین الدین، ڈاکٹر نعیم ، ڈاکٹر حافظ محمد اقبال اورڈاکٹرمحمد مختار شامل تھے۔اجلاس میں اراکین سینیٹ ، ڈاکٹر معصومہ حسن ،ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت ،دانشورزاہد حنا،پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعود،پروفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان ،اعلی تعلیمی کمیشن کے نمائندے پروفیسر ڈاکٹررضابھٹی،نمائندہ وزارت تعلیم رفیق طاہر،جامعہ اردو کے نمائندے پروفیسر نجم العارفین اور ڈاکٹر افتخار احمد طاہری کے علاوہ بطور سیکریٹری رجسٹرار افضال احمد نے شرکت کی۔