ملک میں جاری سیاسی کشیدگی نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، ولی خان خان

پانچ برسوں کے دوران برآمدات میں کمی، درآمدات، قرضوں، تجارتی و کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافے سے معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا

بدھ 30 مئی 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) ملک میں جاری سیاسی کشیدگی نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، امن و امان کی بہتری کے باوجود چھوٹے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ پانچ برسوں کے دوران برآمدات میں کمی، درآمدات، قرضوں، تجارتی و کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافے سے معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔

ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے ایس ایم ای سیکٹر شدید متاثر ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایم ای فائونڈیشن کے صدر ولی اللہ خان نے چھوٹے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ولی اللہ خان نے کہا کہ حکومت کے آخری 10 ماہ جولائی تا اپریل کے دوران بیرونی قرضوں میں 9 ارب 60 کروڑ ڈالر کا مزید اضافہ ملکی معیشت پر ایک بوجھ ہے۔

(جاری ہے)

بڑھتے ہوئے قرضے ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی کشیدگی کے سی پیک منصوبے پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، خصوصی صنعتی زونز کی تعمیر میں تاخیر لمحہ فکریہ ہے۔ الی اللہ خان نے کہا کہ مضبوط و مستحکم معیشت میں ملکی سلامتی و ترقی کی ضمانت ہے۔ قومی معیشت کو پروان چڑھانے کے لئے طویل المدتی معاشی پالیسیاں تشکیل دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کو فروغ دیکر معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے اور چھوٹے کاروبار کی ترقی ہی سے قومی معیشت پروان چڑھے گی۔