تمام محکمے ڈینگی کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کریں‘ ڈپٹی کمشنر چکوال

بدھ مئی 23:36

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2018ء) تمام محکمے ڈینگی کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور اپنی کارکردگی رپورٹ دس دن کے اندر اندر پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ ایمر جنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں اے ڈی سی جی ،اے ڈی سی آر، ڈپٹی ڈائریکٹر انفار میشن ،سی ای او ڈی ایچ اے ، اے سی لاوہ ،کلر کہار ،فوکل پرسن گورنمٹ گرلز کالج چکوال ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور سی ای او میونسپل کمیٹی بھون ،چوا سیدن شاہ ،تلہ گنگ اور تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ماہر حشرات الارض را جہ شکیل نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اقدامات اور کنٹرول کے بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع چکوال میں اب تک ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اپنے اپنے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ،سی ای اوز ، متعلقہ محکموں کے علاوہ یونین کونسلز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ اور ہفتہ وارانہ بنیاد پر ڈینگی کنٹرول بارے کارکردگی رپورٹ بھیجیں اور اے سیز اپنی اپنی تحصیلوں میں ڈینگی کنٹرول بارے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل نمبر 5 میں صفائی بہت اچھے طریقے سے کروائیں کیونکہ ڈینگی کی آماجگاہ کے لیے وہ جگہ بہت بار آور ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں میں سیمینارز ،واکس اور بچوں میں آگاہی کے پروگرام تشکیل دیئے جائیں اور گھریلو عورتوں کی آگاہی کا بندو بست بھی کیا جاے ۔ چکوال سٹی میں سکول کالجوں کے باہر گندگی کے ڈھیر ختم کرنے کے ا قدامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جائیں اور اس کوڑا کرکٹ کو شہر سے دور موزوں جگہ پر دفن کیا جایئے تا کہ آبادی اس سے متاثر نہ ہو ۔

تمام محکموں کے سربراہان اپنے زیر اہتمام آفس بلڈنگز کو کلیئر کریں اور صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی لاروہ کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے ۔انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کے تھہرنے کے لیے سائے کا فوری انتظامکرنے کے احکامات بھی دیئے۔انہوں نے کہا کہ وہ کل سے میل و فی میل کالجز کے علاوہ سرکاری دفاتر کا معائنہ روزانہ کی بنیاد پر خود کریں گے ۔

انہوں نے باور کروایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق انسداد ڈینگی مہم پر زور و شور سے عمل کیا جائے اور ٹائر شاپس،جنک یارڈز،نرسریز،سروس سٹیشنوں اور بالخصوص سرکاری عمارات کی چھتوں،پارکس،اسکولز،کالجز،ورک شاپس اور مساجد میں ڈینگی لاروے کی تلاش کی جائے ۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور ارد گرد ماحول کو صاف رکھیں، کہیں پانی کھڑا نا رہنے دیں ۔صفائی کو ملحوض خاطر رکھیں تو ڈینگی کی افزائش کو روکا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل اپنے اپنے علاقے کی صفائی کو یقینی بنائیں۔