ریسلر محمد انعام ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ارشد ستار

جمعرات 31 مئی 2018 09:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) پاکستان ریسلنگ فیڈریشن (پی ڈبلیو ایف) کے سیکرٹری ارشد ستار نے کہا ہے کہ قومی ریسلر محمد انعام بھرپور فارم میں ہیں اور وہ رواں برس شیڈول ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ محمد انعام نے کامن ویلتھ گیمز میں ملک کیلئے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ایشین گیمز 18 اگست سے 2 ستمبر تک انڈونیشیا میں منعقد ہوں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں ورلڈ کلاس ریسلرز شرکت کریں گے اسلئے میں محمد انعام کی میگا گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے کی گارنٹی نہیں دے سکتا لیکن وہ زبردست فارم میں ہیں اسلئے تمغہ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیمز میں ہمارے ریسلرز کیلئے تمغہ جیتنے کے امکانات کم ہوں گے اسلئے ہم نے تین یا چار رکنی ٹیم کو میگا گیمز میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، محمد انعام اور محمد بلال ملک کی نمائندگی کریں گے جبکہ ایک یا دو مزید ریسلرز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ریسلرز کو جدید اور اعلیٰ تربیت کیلئے بیرون ممالک بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا ہے، ہمارا روس، ترکی اور یوکرین سے رابطہ ہے اور جیسے ہی ان ممالک کی طرف سے جواب آئے گا ہم ریسلرز کو دو ماہ کی تربیت کیلئے وہاں بھیجیں گے۔

متعلقہ عنوان :