مقتدیٰ الصدر کا دورہ کویت، ماضی کی تلخ یادوں کو فراموش کرتے ہوئے ترقی کے سفرمیں مل جل کر آگے بڑھنے پر بات چیت

جمعرات 31 مئی 2018 11:10

بغداد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) عراق میں حالیہ پارلیمانی انتخابات میں غیرمتوقع طورپر کامیابی حاصل کرنے والے مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر نے اپنا دو روزہ دورہ کویت مکمل کرلیا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق مقتدیٰ الصدر دو دن تک کویت میں رہے جہاں انہوں نے کویتی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے پر بات چیت کی۔

مقتدیٰ الصدر کی ویب سائٹ پران کی طرف سے ایک بیان شائع کیاگیا جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کویت کی حکومت کی طرف سے باضابطہ دورے کی دعوت دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس دورے میں انہوں نے امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں اور اقوام کے درمیان ماضی کی تلخ یادوں کو فراموش کرتے ہوئے ترقی کے سفرمیں مل جل کر آگے بڑھنے پر بات چیت کی گئی۔

مقتدیٰ الصدر کے دفتر کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ان کے دورہ کویت کا بنیادی مقصد دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقتدیٰالصدر تمام ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں۔ وہ خلیجی عرب ملکوں کے ساتھ بھی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :