اپریل میں سعودی آئل ٹینکر کو ایرانی میزائل سے نشانہ بنایا گیا ،امریکی وزیردفاع

بحر احمر میں سب بے دیکھا کس طرح ایران کے بھیجے ہوئے میزائل نے سعودی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا،گفتگو

جمعرات 31 مئی 2018 13:31

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہاہے کہ حوثی ملیشیا نے اپریل میں سعودی آئل ٹینکر پر جو میزائل داغا تھا وہ ایران سے حاصل کیا گیا۔غیرملکی ٹی وی کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بحر احمر میں جہاز رانی کو درپیش خطرہ اٴْس وقت واضح ہو کر سامنے آ گیا جب یہ دیکھا گیا کہ ایران کے بھیجے ہوئے میزائل نے کس طرح آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں کے زیر کنٹرول الحدیدہ بندرگاہ کے مغرب میں بین الاقوامی پانی میں سعودی آئل ٹینکر کو حوثی ایرانی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ المالکی نے واضح کیا کہ اتحادی فورسز کے بحری جہازوں کی مداخلت کے بعد حملے کی کوشش ناکام ہو گئی اور آئل ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا۔کرنل المالکی نے زور دے کر کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ آبنائے باب المندب اور بحر احمر میں بحری جہاز رانی اور عالمی تجارت کی آزادی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ اس کے نتیجے میں ماحولیاتی اور اقتصادی نقصانات بھی ہو سکتے ہیں۔