آئندہ 5 روز ملک کے بیشترعلاقے شدید گرم رہیں گے، پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان

وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے بھی اگلے دس دن کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کر دی ْہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے بزرگ، بچے اور روزہ دار بلاوجہ باہر نہ نکلیں ،ْماہرین کی ہدایت

جمعرات 31 مئی 2018 13:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 4 سے 5 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور بالائی سندھ، جنوبی و وسطی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب کراچی میں جمعرات کو بھی شدید گرمی رہے گی، تاہم جمعے سے سمندری ہوائیں چلیں گی، جس کے بعد سے شہرِ قائد میں گرمی میں کچھ کمی کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق 80 سال پہلے کراچی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 47.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت موئن جودڑو، سبی اور بھکر میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ لاہور میں 42 اور اسلام آباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے بھی اگلے دس دن کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کے خدشات بہت زیادہ ہیں۔

ترجمان وزارت ماحولیاتی تبدیلی محمد سلیم کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی علامات میں بخار، شدید سر درد، جسم کا سرخ اور گرم ہونا، متلی، قے اور بے ہوشی ہے اور ان علامات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ترجمان کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے بزرگ، بچے اور روزہ دار بلاوجہ باہر نہ نکلیں۔وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے ترجمان کے مطابق ہیٹ اسٹروک کے مریض کو چھاؤں یا ٹھنڈی جگہ پر منتقل کردینا چاہیے اور مریض کوغنودگی سے بچانے کیلئے ٹھنڈا پانی پلانا چاہیے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں دھوپ میں نکلتے وقت سر ڈھانپ کر رکھنا چاہیے اور باہر نکلنے پر وقفے وقفے سے منہ ہاتھ دھوتے رہنا چاہیے۔