ٹریفک انچارج کی موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی، 32 موٹر سائکل تھانے بند کر دیئے

والدین کی جانب سے بیان حلفیاں دینے کے بعد موٹر سائیکل والدین کے حوالہ کر دیئے ہیں، ڈی پی او سونیا شمعروز

جمعرات 31 مئی 2018 14:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) قائم مقام ڈی پی او سونیا شمعروز کی ہدایت پر ٹریفک انچارج نے موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کے دوران 32 موٹر سائکل تھانے بند کر دیئے۔ والدین کے سٹامپ پیپر پر حلف کے بعد چھوڑ دیا۔ قائم مقام ڈی پی او سونیا شمعروز نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں گرمی کی شدت کے باعث نوجوان موٹر سائیکلوں پر ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام ہرنو، لیڈی گارڈن، شملہ ہل اور الیاسی مسجد کا رخ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

افطاری کا وقت قریب آتے ہی نوجوان موٹر سائیکلوں پر ریس اور ون ویلنگ کرتے ہیں جس کے باعث حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ ون ویلنگ کو کنٹرول کرنے کیلئے انہوں نے ٹریفک انسپکٹرکیڈٹ فاروق اور ایڈیشنل ٹریفک انچارج پرویز خان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کمسن اور ون ویلنگ کرنے والے بچوںکے خلاف کارروائی کریں جس پر ٹریفک انسپکٹر کیڈٹ فاروق نے کارروائی کے دوران 32 موٹر سائیکل تھانہ بند کئے ہیں۔ بچوں کے والدین کو تھانہ طلب کر کے ان سے بیان حلفیاں لی گئیں ہیں کہ وہ کمسن بچوں کو موٹر سائیکل نہیں دیں گے۔ والدین کی جانب سے بیان حلفیاں دینے کے بعد موٹر سائیکل والدین کے حوالہ کر دیئے گئے ہیں۔