صحافی بخشیش الہی کی پہلی برسی کے موقع پر ہری پور پریس کلب میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

جمعرات 31 مئی 2018 14:53

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) صحافی بخشیش الہی کی پہلی برسی کے موقع پر ہری پور پریس کلب میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پریس کلب کے عہدیداران و ممبران کے علاوہ بخشیش الہی کے بھائی، بیٹے اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں شہید صحافی کی خدمات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت و بلندی درجات اور ان کے جملہ پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

اس موقع پر پریس کلب کے صدر ذاکر حسین تنولی، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال خان، چیئرمین نعیم عابد، سینئر نائب صدر حافظ جاوید الحق اور الیکٹرانک میڈیا یونین کے صدر ملک اقبال و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بخشیش الہی کو ہم سے بچھڑے ایک سال بیت گیا ہے، اس غم کی گھڑی میں ہم سب سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ وہ ہمارا بھی بھائی، دوست اور ممبر تھا، پریس کلب پہلے دن سے نہ صرف مظلوم خاندان کے ساتھ کھڑا ہے بلکہ ہمارے احتجاج اور جہدوجہد کے نتیجہ میں کیس آگے بڑھا۔

(جاری ہے)

عہدیداران نے اعلان کیا کہ بے شمار رکاوٹوں کے باوجود صوبائی حکومت کے محکمہ اطلاعات سے لیکر ہر جگہ بخشیش کے حقوق کیلئے آواز بلند کی اور کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر مختلف شخصیات اور محکموں سے رابطہ کرنے کیلئے صدر پریس کلب کی قیادت میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں صدر ذاکر حسین تنولی کے علاوہ ملک فیصل، نعیم عابد، ملک اقبال اور راجہ طاہر شامل ہوں گے۔ تقریب کے دوران کچھ سال قبل قتل ہونے والے محکمہ اطلاعات ایبٹ آباد کے فوٹو گرافر نصیر کی صوبائی حکومت کی جانب سے تاحال امداد نہ کرنے کی بھی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :