ماہرین لائیو سٹاک کی پولٹری فارمرز کو شیڈز میں تازہ پانی کا مناسب انتظا م رکھنے کی ہدایت

جمعرات 31 مئی 2018 14:59

فیصل آباد۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) ماہرین لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے کہا ہے کہ پولٹری فارمنگ میں پانی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، شدید گرم موسم میں پانی کی کمی چوزوں کی شرح اموات میں اضافہ ، نشو و نما اور پیداوار میں کمی کا باعث بن سکتی ہے، پولٹری فارمرز اور مرغی پال حضرات موسم گرما کے دوران شیڈز میں تاز ہ پانی کا مناسب انتظام رکھیں تاکہ برائلر مرغی کی افزائش نسل میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ پولٹری فارمرز کی اکثریت پانی کی اہمیت سے ناواقف ہے اور وہ صرف خوراک و دیگر ضروریات کو اہمیت دیتے ہیں جبکہ پانی کی آسانی سے دستیابی کے باعث اسے نظر انداز کردیا جاتا ہے لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ موسم گرما میں پانی کی کمی چوزوں کی شرح اموات میں اضافہ کا موجب بننے کے ساتھ ساتھ ان کی نشو و نما اور پیداوار پر بھی بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ پانی کی اچھی کوالٹی سے چوزوں کی نشوونما میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، حالیہ تحقیق کے دوران یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ خوراک اور پانی دونوں پولٹری فارمنگ کیلئے بے حد اہم ہیں لیکن پانی کی اہمیت خوراک سے بھی کہیں زیادہ ہے کیونکہ خوراک کے بغیر مرغی ایک سے 2ہفتے تک زندہ رہ سکتی ہے لیکن پانی کی کمی کے بغیرمرغی چند گھنٹے بھی نہیں گزار سکتی۔

انہوںنے بتایاکہ مرغی کا جسم 60 فیصد پانی پر مشتمل ہوتاہے جبکہ چوزوں کا جسم 80 فیصد پانی کا حامل ہوتا ہے، اگر مرغیوں میں چربی 98فیصد اور لحمیات 50 فیصد تک بھی ضائع ہو جائیں تو مرغی زندہ رہ سکتی ہے لیکن اگر پانی کی مقدار 10فیصد بھی کم ہو جائے تو نمکیات کا تناسب بگڑنے سے اس کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ انہوںنے مرغبانی کرنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی اہمیت کو مد نظر رکھیں تاکہ پولٹری فارمنگ کے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :