وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اپنے حلقہ انتخاب خیرپور ٹامیوالی سے انتخابات میں حصہ لینے کی دعوت دے دی

جمعرات 31 مئی 2018 14:59

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے سپیکر قومی اسمبلی ..
اسلام آباد۔ 31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اپنے حلقہ انتخاب خیرپور ٹامیوالی سے انتخابات میں حصہ لینے کی دعوت دے دی جبکہ انہوں نے تجویز دی کہ مختلف صوبوں کے رہنمائوں کو دوسرے صوبوں سے انتخابات میں حصہ لینا چاہیے اس سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے سپیکر سردار ایاز صادق کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے حلقے سے انتخابات میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں ریاض پیرزادہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ اس پارلیمان اور اس سے قبل کی پارلیمانوں سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا لیکن احتجاج کے حوالے سے پارلیمان میں اراکین کے طرز عمل میں جو تبدیلی آئی ہے وہ اچھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

احتجاج یونین کونسل کی سطح پر آیا ہے۔ پارلیمان کو اعلیٰ اقدار کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورم کی نشاندہی کرنا اچھی پارلیمانی روایت نہیں ہے کینکہ اجلاس میں موجود اراکین عوام کے نمائندے ہوتے ہیں۔ انہوں نے سپیکر کو اپنے حلقے خیرپور‘ حاصل پور سے الیکشن لڑنے کی دعوت دی اور کہا کہ آپ کی کارکردگی اچھی رہی ہے جس کا سب اعتراف کرتے ہیں۔ مختلف صوبوں کے لوگوں کو دوسرے صوبوں میں الیکشن لڑنا چاہیے اس سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ دعا ہے کہ ہمارے ادارے‘ سیاستدان‘ ججز اور میڈیا اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ سپیکر نے الیکشن لڑنے کی دعوت پر ریاض حسین پیرزادہ کا شکریہ ادا کیا۔