جرمنی کا اسرائیل سے جنگی ڈرون کرائے پر لینے کا فیصلہ

جمعرات 31 مئی 2018 15:06

برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) جرمنی کی وزارت دفاع نے اسرائیل سے جرمن فوج کی تاریخ کے ڈرون طیاروں کی سب سے بڑے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔جرمن وزارت دفاع نے اسرائیل کے 90 کروڑ ڈالر مالیت کے جنگی ڈرون طیارے کرائے پرلینے کے لیے بات چیت شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

جرمن اخبار زوڈ ڈوئچے نے حکومت کے ایک ذمہ دار ذرائعکے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمن وزارت دفاع نے پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے خزانہ کو رواں ہفتے ایک تجویز ارسال کی ہے جس میں اسرائیلی فوج سے نو سال کی مدت تک اسرائیل سے اس کے تیار کردہ ڈرون طیارے کرائے پر لینے کی منظوری طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ ان ڈرون طیاروں کے عوض جرمنی اسرائیل کو نو سال کے دوران 9 کروڑ ڈالر دا کرے گا تاہم اس کے بدلے میں وہ کتنے ڈرون حاصل کرے گا اس کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔جرمنی کے بعض دوسرے اخباری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جرمنی اسرائیل سے 5 ڈرون طیارے اجرت پر نو سال کے لیے حاصل کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی اسرائیل کے ’ہیرون ٹی پی‘ ڈرون طیارے حاصل کرے گا۔ ان ڈرون کی لمبائی 14 میٹر ہے اور یہ میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔